190 ملین پاؤنڈ ریفرنس، ملک ریاض، بیٹے کے منجمد اثاثوں کی بحالی پر نیب سے رپورٹ طلب

منگل 19 مارچ 2024 17:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) 190 ملین پاؤنڈز کے القادر ٹرسٹ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور ان کے صاحبزادے علی ریاض کے منجمد اثاثوں کی بحالی کے معاملے پر قومی ادارہ احتساب (نیب) سے رپورٹ طلب کرلی۔منگل کو ملک ریاض اور علی ریاض کے وکیل فاروق ایچ نائیک احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

دورانِ سماعت فاروق ایچ نائیک نے موقف اختیار کیا کہ منجمند اثاثوں میں اسکول بھی شامل ہیں جو ملک ریاض وغیرہ کی ذاتی ملکیت نہیں ہیں۔جج نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ اس معاملے میں آپ کیا کہیں گی جواب میں نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جو ٹیم 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کی پیروی کر رہی ہے وہ آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کردے گی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب سے رپورٹ، دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 4 اپریل تک ملتوی کردی۔