ٹرانسجینڈرز تحفظ درسگاہ کی فالو اپ اعلی سطحی اجلاس

ٹرانسجینڈرز کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا‘ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق صحت کارڈ میں ٹرانسجینڈرز کو خصوصی سہولیات دیں گے‘ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر

منگل 19 مارچ 2024 21:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) صوبائی وزرا صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں ٹرانسجینڈرز تحفظ درسگاہ کے حوالہ سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹریز راجہ منصور احمد اور محمد اقبال، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زوہرہ خانم، ایس پی حنان، ڈاکٹر شبیر چوہدری، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر یونس، اے ایس پی شہربانو نقوی و دیگر افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزرا صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران ٹرانسجینڈرز کو سرکاری ہسپتالوں میں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اے ایس پی شہربانو نقوی نے پولیس کی جانب سے قائم ٹرانسجینڈرز تحفظ درسگاہ کے حوالے سے محکمہ صحت کے افسران کو بریفننگ دی۔صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی بہترین سہولیات کی فراہمی ٹرانسجینڈرز کا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہٹرانسجینڈرز تک بنیادی حقوق کی فراہمی کیلئے قانون سازی ہونی چاہئے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ معاشرے میں ٹرانسجینڈرز تک یکساں حقوق کی فراہمی کیلئے آگاہی پھیلانا ہو گی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پولیس کی جانب سے ٹرانسجینڈرز کو طبی سہولیات کی فراہمی کی استدعا کو محکمہ صحت احسن طریقے سے نمٹانا چاہتا ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے یقین دلایا کہ صحت کارڈ میں ٹرانسجینڈرز کو خصوصی سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسجینڈرز تحفظ درسگاہ میں محکمہ صحت ڈسپنسری قائم کرے گا جہاں انکو مفت میڈیسن و دیگر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔