محکمہ صحت کی شہریوں کو ڈینگی بخار سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملدر آمد کی ہدایت

جمعرات 21 مارچ 2024 13:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2024ء) پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ و ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آبادنے شہریوں کو موسم کی تبدیلی کے باعث ڈینگی بخار سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی بخار کی تشخیص اور مفت علاج کی مکمل سہولیات دستیاب ہیں لہٰذا اگر کسی شخص میں ڈینگی بخار سے متعلق کوئی علامت ظاہر ہو تو فوری طور پر قریبی ہسپتال سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد کے ڈی ایچ اوڈاکٹرعظمت عباس کھچی نے اے پی پی کو بتایا کہ ہر بخار ڈینگی نہیں ہوتا جبکہ مذکورہ بخار کے ناقابل علاج ہونے کی اطلاعات میں بھی کوئی صداقت نہیں کیونکہ ڈینگی بخار مکمل طور پر قابل علاج ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ڈینگی بخار ایک مخصوص مادہ مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہے اور یہ مچھر صاف پانی میں پرورش پانے کے علاوہ عموماً طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کے وقت حملہ آور ہوتا ہے۔

انہوں نے بتا یا کہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کر کے ڈینگی بخار سے بچا جا سکتا ہے۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ گھروں کے اندر، ارد گرد، چھتوں، پودوں کی کیاریوں، گملوں، پرانے برتنوں اور ٹائروں وغیرہ میں پانی جمع نہ ہونے دیں، کولرز کے ناقابل استعمال ہونے پر اس کا پانی مکمل طور پر خشک کر دیا جائے، مچھروں سے بچاؤ کیلئے کوائل، میٹ،مچھر بھگاؤ لوشن، مچھر دانی کو استعمال میں لایا جائے، ہفتہ میں 2سے 3بار گھر، دفاتر، دکانوں میں صفائی کر کے مچھر مار ادویات کا سپرے کیا جائے اور دروازے ایک گھنٹہ کیلئے بند رکھے جائیں نیز صاف پانی جمع کرنے کے برتن، گڑھے، ڈرم، ٹینکی وغیرہ کو صحیح طور پر ڈھانپ کر رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد عوام کو ڈینگی بخار اور پیچید گیوں سے بچا سکتا ہے کیونکہ پرہیز ہر حال میں علاج سے بہتر ہے۔۔انہوں نے کہا کہ آج فیصل آباد میں ڈینگی کے 2 مریض ہیں جنکی حالت خطرے سے باہر ہے۔