صوبے میں آبپاشی کے نہری نظام کے اعداد و شمار کو اکٹھا کرنے کیلئے سنسرز لگائے جائیں گے ، عاقب اللہ خان

صوبے میں بہتر خدمات سر انجام دے سکنے کیلئے سٹاف کو جدید کورسز، ٹریننگ سے روشناس کرایا جائے گا، وزیر آبپاشی خیبرپختونخوا

جمعرات 21 مارچ 2024 18:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں آبپاشی کیلئے ایک ایسا خود کار نظام وضع کیا جا رہا ہے جس کی بدولت یہ صوبہ پاکستان کا پہلا صوبہ ہو گا جس میں آبپاشی کے نہری نظام کے اعداد و شمار کو اکٹھا کرنے کیلئے سنسرز لگائے جائیں گے اور جس کی وجہ سے نہ صرف پانی کے ضیاع کو روکا جا سکے گابلکہ اس نظام سے آبپاشی کے پانی کی بچت بھی ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو ایس ایڈ کے پراجیکٹ انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ کے منعقدہ اجاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری آبپاشی محمد طاہر اورکزی سیف انجینئر نارتھ غلام اسحاق خان ، ڈائریکٹر ٹیکنیکل عابد نور ، سینئر پلاننگ آفیسر آفتاب عالم اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ مذکورہ پراجیکٹ کے تعاون سے اوتلا ڈیم صوابی کیلئے اپنی ٹیکنیکل فزیبلٹی تیار کرے گی جس سے اوتلا ڈرنکنگ واٹر ڈیم صوابی کے مسئلے کا فوری حل نکالا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تمام تر توجہ شعبہ آبپاشی کے استعداد کار بڑھانے کیلئے عملی طور پر اقدامات اٹھائے جائیں گے جبکہ اس کے سٹاف کو جدید کورسز اور ٹریننگ سے روشناس کیا جائے گا تاکہ وہ صوبے میں اپنی بہتر خدمات سر انجام دے سکیں۔