معاشی استحکام اور خوانحصاری کے حصول سے صوبہ سرمایہ کاری کا حب بن جائے گا

جمعرات 21 مارچ 2024 22:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ لیبرونگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری محمد اشرف چوہدری نے پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور صوبائی وزیرصنعت و تجارت ،سرمایہ کاری کی جانب سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے چھ خصوصی اقتصادی زون کے قیام کے اعلان کا خیر مقد م کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی زونز کے قیام سے پنجاب میں صنعتی انقلاب آئے گا ، پنجاب بھر میں سپیشل اقتصادی زونز میں صنعتوں کے قیام کیلئے پاکستانی ،چینی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یکساں خصوصی مراعات کی فراہمی سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور ان اقدامات کے تحت خصوصی اقتصادی زونز میں نئی صنعتوں کے قیام کے لیے خام مال اور پلانٹس و مشینری و دیگر آلات پر سرمایہ کاروں کو ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں سے استثنیٰ اور رعایتی قرضوں سمیت خصوصی مراعات سے ملکی سرمایہ کار بھی خوشدلی سے ان زونز میں نئی صنعتوں کے قیام کیلئے خدمات سرانجام دینگے۔

(جاری ہے)

نئے انڈسٹریل اسٹیٹ میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے نئے صنعتی یونٹس کے قیام سے نہ صرف روز گار کے لاکھوں مواقع فراہم ہونگے بلکہ ان یونٹس کے قیام سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ لیبرونگ کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔محمد اشرف چوہدری نے کہا کہ معاشی استحکام اور خودانحصاری کے حصول سے صوبہ سرمایہ کاری کا حب بن جائے گا صنعتی شعبہ ترقی کرے گا تو مزدور کو روزگار ملے گا ،مزدور خوشحال ہوگا تو پنجاب خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔