چوہدری شافع حسین کی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن آفس آمد،مختلف شعبوں کامعائنہ اور ورکنگ کا جائزہ لیا

جمعرات 21 مارچ 2024 22:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2024ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے آفس کا دورہ کیا، ادارے کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ورکنگ کا جائزہ لیا، ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن سدرہ یونس نے ادارے کی ورکنگ اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے بریفنگ دی۔اجلاس میں پنجاب روزگار سکیم پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنعت کاروں کو نئی انڈسٹریز لگانے کے حوالے سے بہترین سہولیات دی جارہی ہیں، انڈسٹریل اسٹیٹس میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب روزگار سکیم کے تحت ایک لاکھ روپے سے ایک کروڑ روپے تک کے آسان قرضے دیئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی سکیموں سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوںگے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ معیشت کے فروغ میں ایس ایم ای سیکٹر کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مستقبل میں ایگریکلچر لینڈ پر کوئی بھی انڈسٹری لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے اس حوالے سے باقاعدہ پالیسی بنانے کی ہدایت کردی۔ صوبائی وزیر نے پیسک ہاؤس بروقت مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ماہانہ کارکردگی کی بنیاد پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 5 محکموں کے افسران کو تعریفی سر ٹیفکیٹ سے نوازا۔صوبائی وزیر کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 29 محکموں کے افسران ایک ہی چھت تلے سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ 6 مختلف شہروں میں بزنس فیسیلیٹیشن سنٹرز کاروباری افراد کو سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

نئے کارخانے لگانے کیلئے این او سی کا اجراء تیزی سے ہورہا ہے۔ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے بزنس فسیلیٹیشن سنٹر کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت سے پیسک ملازمین ورکرز یونین کے عہدیداروں نے بھی ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیرنے مکمل تعاون اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔سیکریٹری انڈسٹریز احسان بھٹہ، ایم ڈی پیسک سدرہ یونس،سینئر اکنامک ایڈوائزر جاوید اقبال،سی ای او پی بی آئی ٹی جلال حسن سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :