وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین ستھرا پنجاب مہم میں سرگرم،لاہور میں صفائی انتظامات کا جائزہ لیا

شہری اپنے گرد و نواح میں صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کوڑا کرکٹ گلیوں بازاروں میں نہ پھینکیں‘ بلال یاسین

ہفتہ 23 مارچ 2024 19:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین ستھرا پنجاب مہم میں پوری طرح سرگرم، وزیر خوراک نے ہفتے کے روز لاہور ویسٹ مینجمنٹ ٹیموں کے ہمراہ شہر میں خصوصی صفائی مہم کو لیڈ کیا۔ بلال یاسین نے کریم پارک، امین پارک، موہنی روڈ، بلال گنج کے علاقوں میں صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ستھرا پنجاب مہم کے دوران بلال یاسین نے کچا راوی روڈ، باغ منشی لدھا، قصور پورا، جموں والا کھوہ کا بھی دورہ کیا گیا۔

اس موقع پر شہریوں سے گفتگو میں وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب کے وژن کے مطابق ستھرا پنجاب مہم کو کامیاب بنائیں گے۔ بلال یاسین نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور ماہ مقدس میں اس پیغام کو گھر گھر پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایات دیں کہ تمام علاقوں میں صفائی آپریشن کو پروفیشنل انداز میں چلایا جائے اور شہریوں کی شکایات پر فوری ایکشن یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

وزیر خوراک پنجاب نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اپنے گرد و نواح میں صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کوڑا کرکٹ گلیوں بازاروں میں نہ پھینکیں۔ مہم کے دوران گلیوں، بازاروں، پارکس اور شاہراہوں کی صفائی کیلئے 100 سے زائد آپریشنل گاڑیوں ایکٹو رہیں اور داتا گنج بخش ٹائون میں 800 سے زائد صفائی ورکرز خصوصی صفائی مہم میں شریک ہوئے۔ اس دوران عوامی آگاہی کیلئے کیمپ بھی لگائے گئے اور ٹیموں نے گھر گھر جا کر صفائی بارے آگاہی دی۔ وزیر خوراک بلال یاسین نے اس موقع پر کہا کہ ہم سب کو مل کر اپنے ماحول کو صاف رکھنا ہے اور ستھرے پنجاب کے خواب کو حاصل کرنے کیلئے حکومتی اداروں کیساتھ شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔