وزیر خوراک کاستھرا پنجاب مہم کے سلسلہ میں شہر کے مختلف علاقوں کادورہ ،صفائی انتظامات کا جائزہ لیا

ہفتہ 23 مارچ 2024 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے ستھرا پنجاب مہم میں ہفتہ کو لاہور ویسٹ مینجمنٹ ٹیموں کے ہمراہ شہر میں خصوصی صفائی مہم کو لیڈ کیا۔ بلال یاسین نے کریم پارک، امین پارک، موہنی روڈ، بلال گنج کے علاقوں میں صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کچا راوی روڈ، باغ منشی لدھا، قصور پورا، جموں والا کھوہ کا بھی دورہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہریوں سے گفتگو میں وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق ستھرا پنجاب مہم کو کامیاب بنائیں گے، صفائی نصف ایمان اور اس پیغام کو گھر گھر پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایات دیں کہ تمام علاقوں میں صفائی آپریشن کو پروفیشنل انداز میں چلایا جائے اور شہریوں کی شکایات پر فوری ایکشن یقینی بنایا جائے۔

وزیر خوراک پنجاب نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اپنے گرد و نواح میں صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کوڑا کرکٹ گلیوں بازاروں میں نہ پھینکیں۔اس دوران عوامی آگاہی کیلئے کیمپ بھی لگائے گئے اور ٹیموں نے گھر گھر جا کر صفائی بارے آگاہی دی۔ وزیر خوراک نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ماحول کو صاف رکھنا اور ستھرے پنجاب کے خواب کو حاصل کرنے کیلئے حکومتی اداروں کیساتھ شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔