عازمین حج کے لیے لازمی تربیت کے دوسرے مرحلے کا آغاز عید الفطر کے بعد ہوگا،احمدندیم خان

اتوار 24 مارچ 2024 21:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے چیف حج ٹرینر احمد ندیم خان نے اعلان کیا ہے کہ عازمین حج کیلئے لازمی تربیت کے دوسرے مرحلے کا آغاز عید الفطر کے بعد ہوگا۔حالیہ اسٹیئرنگ کمیٹی برائے حج ٹریننگ کی قیادت کرتے ہوئے انہوں نے سیشن کے دوران ان ورکشاپس کی اہمیت پر زور دیا۔

ڈپٹی سیکرٹریز ناصر عزیز اور جان بہادر نے وزارت کے دیگر اہلکاروں کے ساتھ ملاقات کی جبکہ حاجی کیمپوں کے سربراہان نے زوم کے ذریعے عملی طور پر شمولیت اختیار کی۔انہوں نے حجاج کو انتظامی طریقہ کار، رسومات اور حج کے سفر میں درپیش چیلنجوں کے بارے میں جامع سمجھ بوجھ کو یقینی بنانے میں تربیتی ورکشاپس کے اہم کردار پر زور دیا۔

(جاری ہے)

چیف حج ٹرینر نے آنے والے تربیتی شیڈول کا خاکہ پیش کیا، جس میں وزارت کے اہلکاروں اور ماہرین کے لیے حجاج کو رہنمائی اور ہدایات دینے کے منصوبوں کا انکشاف کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دوسرا مرحلہ، عیدالفطر کے بعد شروع ہونے والا ہے جس میں ملک بھر کے بڑے شہروں میں تربیتی سیشنز ہوں گے، اور اس میں ملٹی میڈیا پریزنٹیشنز اور حج کے تربیتی مراکز میں ماڈل مینا کیمپس کے ذریعے سہولت فراہم کی جائے گی۔ان ورکشاپس کی لازمی نوعیت پر زور دیتے ہوئے۔احمد ندیم خان نے واضح کیا کہ تمام عازمین حج کے لیے کم از کم دو سیشنز میں حاضری لازمی ہے، جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی روانگی سے قبل اپنے متعلقہ حاجی کیمپوں میں تربیت حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی پروازوں سے قبل مناسک حج پر زبانی یا تحریری امتحانات کرانے کی بھی تجویز ہے۔ انہوں نے امتحانات میں فیل ہونے والوں کے لیے پروازیں موخر کرنے اور مقدس سفر کے دوران مذہبی رسومات، سماجی اخلاقیات اور انتظامی امور کے حوالے سے انہیں مناسب طریقے سے تربیت دینے کے لیے تیسرا سیشن منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔