وزیر اعظم شہباز شریف عالمی اقتصاری فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب روانہ ہو گئے

شہباز شریف عالمی صحت، فنانشل ٹیکنالوجیز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، جامع ترقی، علاقائی تعاون، اور عالمی ترقی کے تناظر میں توانائی کے متوازن استعمال کے حوالے سے پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے رکھیں گے. وزیراعظم آفس‘دفتر خارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 27 اپریل 2024 17:19

وزیر اعظم شہباز شریف عالمی اقتصاری فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 اپریل۔2024 ) وزیر اعظم شہباز شریف عالمی اقتصاری فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی دارالحکومت ریاض کے لیے روانہ ہو گئے ہیں وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم اجلاس میں شرکت کے لیے آج سعودی دارالحکومت پہنچیں گے.

(جاری ہے)

بیان کے مطابق وزیراعظم کو اجلاس میں شرکت کی دعوت سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور چیف ایگزیکٹو کلاﺅس شواب نے دی بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عالمی صحت، فنانشل ٹیکنالوجیز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، جامع ترقی، علاقائی تعاون، اور عالمی ترقی کے تناظر میں توانائی کے متوازن استعمال کے حوالے سے پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے رکھیں گے.

اجلاس کے موقعے پر وزیراعظم کی اہم عالمی راہنماﺅں، عالمی اداروں کے سربراہان اور دیگر اہم شخصیات سے دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں اور وفاقی کابینہ کے اہم اراکین بھی وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں شامل ہیں دفتر خارجہ پاکستان سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کے وفد میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب شامل ہیں بیان کے مطابق فورم میں اعلی سطح کی شرکت پاکستان کی ترجیحات کو پیش کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گی.

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مرکزی تقریب کے موقع پر وزیراعظم اور ان کا وفد سعودی قیادت، بین الاقوامی اداروں کے سربراہان اور تقریب میں شرکت کرنے والی دیگر اہم شخصیات سمیت عالمی رہنماو¿ں سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار 28 اور 29 اپریل کو سعودی عرب میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے.

ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا تھاکہ دورہ کے موقع پر وزیر اعظم اور وزراءتجارت اور سرمایہ کاری کے اقدامات، سرمایہ کاری کے نئے فریم ورک، سپلائی چین کی تنظیم نو، پائیدار ترقی، اور توانائی کے منظر نامے سے متعلق مسائل پر فورم کے اجلاس میں شرکت کریں گے بیان میں بتایا گیا کہ فورم میں اعلیٰ سطح کی شرکت خاص طور پر عالمی صحت کے ڈھانچے میں پاکستان کی ترجیحات، جامع ترقی، علاقائی تعاون کو زندہ کرنے اور ترقی اور توانائی کی کھپت کو فروغ دینے کے درمیان توازن قائم کرنے کی ضرورت کو پیش کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گی .