وزیرصحت سید قاسم علی شاہ نے پنجاب کے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کا غیر رسمی دورہ

پیر 25 مارچ 2024 22:44

ٰپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2024ء) وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے پنجاب کے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کا غیر رسمی دورہ کیا۔ پنجاب کے وزیر صحت خواجہ عمران نزیر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ محکمے میں ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ دونوں وزرا کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزرا کے درمیان جعلی ادویات کے سد باب اور پرائمری ہیلتھ کئیر مینجمنٹ میں ایک دوسرے کے بیسٹ پریکٹیسز سے استفادہ کرنے پر اتفاق ہوا۔

میزبان وزیر صحت نے اس موقع پر محکمے کے مختلف اُمور بارے وزیر صحت خیبرپختونخوا کو جائزہ پیش کیا اور محکمے کے مُختلف شعبوں کا تعارفی دورہ بھی کرایا۔ وزرا نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ چاروں صوبوں میں بین الصوبائی رابطہ لازمی ہے جس کے تحت قدرتی آفات، وبا و دیگر ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوآرڈینیشن مکینزم ترتیب دی جاسکے۔

(جاری ہے)

وزیر صحت خیبرپختونخوا نے اس موقع پر بتایا کہ ویکٹربارن ڈیزیز جیسے ڈینگی، ملیریا اور لشمینیا سمیت سیلاب جیسے وبائی صورتحال میں ایک دوسرے کے آزمودہ بہترین تجربات سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے صحت کے مُختلف شعبوں میں سپیشلیٹی ڈویلپ کرنے کیلئے ماہرین کے تبادلے پر بھی سیر حاصل گُفتگو کی۔ وزیر صحت خیبرپختونخوا کو پنجاب کے محکمہ صحت میں جاری اصلاحات و ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہم اکثر ترقی پذیر ممالک میں مغربی ممالک کا نظام صحت رائج کرنا چاہتے ہیں جس کیلئے زمینی حقائق بالکل بھی تیار نہیں۔ انہوں مزید بتایا کہ کیوں نہ صوبے ایک دوسرے کے تجربات اور تحقیق سے فائدہ اُٹھاکر موجود نظام میں رہتے ہوئے بہتری لائیں تاکہ وقت کیساتھ ساتھ ارتقا کا سفر جاری رہے۔ انہوں نے وزیر صحت پنجاب اور ان کی ٹیم کو پختونخوا آنے کی باقاعدہ دعوت بھی دی۔