آئی پی ایل، رائل چیلنجرز بنگلور نے پنجاب کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دیدی

پیر 25 مارچ 2024 23:00

بنگلور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور نے پنجاب کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی، آر سی بی نے پنجاب کنگز کا 177 رنز کا ہدف آخری اوور کی دوسری بال پر حاصل کرلیا، ویرات کوہلی نے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پیر کو بنگلور میں کھیلے گئے آئی پی ایل کے چھٹے میچ میں پنجاب کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے، کپتان شیکھر دھون نے 37بالوں پر 45، جتیش شرما نے 27، پرابھسمرن سنگھ نے 25 اور ششانک سنگھ نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔

رائل چیلنجرز بنگلور کی طرف سے محمد سراج اور گلین میکسویل نے دو دو جبکہ یش دیال اور الزاری جوزف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

اس کے جواب میں رائل چیلنجرز بنگلور نے پنجاب کنگز کا 177 رنز کا ہدف دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 19.2 اوورز میں حاصل کرلیا، اوپننگ بلے باز سٹار کرکٹر ویرات کوہلی نے 49 بالوں پر 77 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا ۔

کوہلی کے آئوٹ ہونے کے بعد نئے آنے والے بیٹرز کا پویلین لوٹنے کا سلسلہ تیزی سے شروع ہوگیا،18.4 اوورز میں بنگلور کی 154 کے مجموعی سکور پر 6 وکٹیں گر گئیں ، اس موقع پر آر سی بی کی میچ میں گرفت کمزور ہوتی نظر آئی تاہم اس موقع پر دنیش کارتھک اور ماہی پال لومرور نے آخری لمحات میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا۔ دنیش کارتھک نے 10 بالوں پر 28 اور ماہی پال نے 8 بالوں پر 17 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ دیگر بیٹرز میں رجت پتیدار 18، کپتان فاف ڈوپلیسیز ، کیمرون گرین اور گلین میکسویل تین تین رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ پنجاب کے کگیسو ربادا اور ہرپریت برار نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ سیم کرن اور ہرشل پٹیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔