متحدہ عرب امارات، عمرہ زائرین اور عازمین حج کے لیے فلوویکسین لازمی قرار

منگل 26 مارچ 2024 10:10

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے عمرہ اور حج پر جانے والوں کے لیے انفلوائنزا ویکسین لازمی قرار دے دی ۔اردو نیوز کے مطابق اماراتی وزارت صحت اور کمیونٹی پروٹیکشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ملک سے عمرہ پر جانے والے تمام افراد کو ویکسی نیشن کی تمام مطلوبہ بنیادی خوراکیں لینا لازمی ہے جن میں خاص طور پر انفلوائنزا ویکسین شامل ہے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ26 مارچ سے عمرہ پر جانے والے تمام افراد کے لیے انفلوائنزا ویکسینیشن کارڈ پیش کرنا ضروری ہوگا، عمرہ پرجانے کے خواہشمند افراد کو چاہیے کہ وہ سفر سے 10 روز قبل ویکسین لگوا لیں تاکہ فلو وائرس سے بچا جا سکے۔محکمہ صحت عامہ اوراحتیاطی امور کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیٰ المرزوقی نے کہا کہ حفاظتی ویکسین لگانے والے مختلف قسم کے امراض سے محفوظ ہوجاتے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ عمرہ اور حج پر جانے والے خاص طور پر معمر، حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین ویکسین ضرور لگوائیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر المزروقی نے عمرہ اور حج کے مسافروں سے یہ بھی کہا کہ وہ مناسک کی ادائیگی کے دوران صحت کے مسائل سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور سفر کے دوران گرمی، تھکن اور جسمانی دباؤ سے بچیں جس سے بعض اوقات بیماری اور صحت کے مسائل میں مبتلا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اس کے علاوہ صحت مند غذا کو یقینی بنائیں۔