حسن ابدال کی 8 سالہ بچی کو کرنٹ لگنے کا واقعہ، نیپرا کی آئیسکو کو متاثرہ بچی کے تمام میڈیکل اخراجات اٹھانے کی ہدایت

منگل 26 مارچ 2024 16:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) حسن ابدال کے علاقے محلہ کچی آبادی میں 8 سالہ بچی کو کرنٹ لگنے کے واقعہ کے معاملہ پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(آئیسکو) کو متاثرہ بچی کے تمام میڈیکل اخراجات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان نیپرا کے منگل کو جاری بیان کے مطابق اتھارٹی نے آئیسکو کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ بچی کو مصنوعی ہاتھ لگوا کر دیا جائے اور معقول ماہانہ وظیفہ بھی لگایا جائے۔

نیپرا نے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ بچی کے بڑے ہو جانے پر آئیسکو بچی کومعذور کوٹے پر ملازمت دینے کا بھی پابند ہوگا۔ ترجمان کے مطابق اگست 2023 کو حسن ابدال کے علاقے محلہ کچی آبادی میں 11 ہزار کے وی تاروں سے شعلے گرنے سے بچی کے دونوں ہاتھ جھلس گئے تھے، 11 ہزار کے وی کی تاریں متاثرہ گھر کی دیوار سے ٹچ ہو رہی تھی، متاثرہ فیملی کی جانب سے متعدد بار شکایات کے باوجود آئیسکو حکام نے کو ئی ایکشن نہیں لیا تھا جس پر نیپرا اتھارٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے 2 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ اتھارٹی کو پیش کی تھی ، جس کی روشنی میں اتھارٹی نے آئیسکو کو متعلقہ ہدایات جاری کی ہیں۔ نیپرا نے کہا ہے کہ آئیسکو 14 دنوں میں متعلقہ ہدایات پر عملدرآمد کرنے کے حوالے سے رپورٹ پیش بھی کرے۔ مزید برآں ، اتھارٹی نے آئیسکو کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے شوکاز نوٹس بھی جاری کیا ہے۔