-ڈ پٹی کمشنر سوات ڈاکٹر قاسم علی خان کا پرائس کنٹرول کے حوالے سے منگورہ بازار کا دورہ

منگل 26 مارچ 2024 18:40

ق پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2024ء) رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے حوالے سے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی جاری کردہ ہدایات کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر سوات ڈاکٹر قاسم علی خان نے مینگورہ بازار کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر سوات ڈاکٹر قاسم علی خان نے ضلع سوات کے عوام کو بنیادی اشیائے خوردونوش سستے اور حکومت کی طرف سے مقررکردہ نرخوں پر فراہمی کی عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے منگورہ بازار میں اشیائے خوردونوش کے متعدد دکانوں کا ازخود معائنہ کیا۔

انہوں نے جنرل سٹورز، کریانہ سٹورز، دودھ، دہی اور خاص طور پر گوشت و پولٹری کے نرخوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے دکان مالکان سے بات چیت کی اور مارکیٹ کے حالات اور نرخوں کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سوات نے تمام دکانداروں /سٹورز مالکان کو صوبائی حکومت کے احکامات اور ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے مقرر کردہ نرخنامے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ صارفین کے ساتھ مکمل طور پر تعاون کو یقینی بنائیں،حکومت کی جانب سے مقررکردہ نرخناموں پر سختی سے عمل درآمد کریں اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کو واضح پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اپنا قبلہ درست کرلیں اور عوام پر خود ساختہ مہنگائی و گرانفروشی مسلط نہ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی اور ان کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائیگی۔