وزیر خزانہ محمداورنگزیب سے جاپانی سفیر کی ملاقات ، مختلف امورپر تبادلہ خیال

کلی معیشت کے استحکام اور پائیدار نمو کیلئے اصلاحات میں پرعزم ہے، وزیرخزانہ

منگل 26 مارچ 2024 19:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ مجموعی قومی پیداوارکے تناسب سے ٹیکسوں میں اضافہ کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، کلی معیشت کے استحکام اور پائیدار نمو کیلئے اصلاحات میں پرعزم ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کویہاں پاکستان میں جاپان کے سفیر متسوہیرووادا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

جاپان کے سفیر نے محمداورنگزیب کو وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔وزیر خزانہ نے جاپان کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کلی معیشت کے استحکام اور پائیدار نمو لانے کے لیے اصلاحات میں پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی قومی پیداوارکے تناسب سے ٹیکسوں میں اضافہ کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، حکومت ٹیکس کی بنیاد میں وسعت، ٹیکس نظام میں شفافیت اور صارفین وٹیکس گزاروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو آگے بڑھارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سفیر کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دی ۔ انہوں نے کہاکہ توانائی کے شعبہ میں لاگت کو کم کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ تقسیم کار کمپنیوں کے گورننس کے مسائل کو نجی شراکت داری اور بالآخر نجکاری کے ذریعے حل کیا جائے گا۔جاپان کے سفیرنے دانش مندانہ مالیاتی پالیسیوں اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے نفاذ کو جاری رکھنے کے حکومت کے عزم کی تعریف کی ۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت 80 جاپانی کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں جاپانی کار ساز اداروں کو درپیش مسائل پر روشنی بھی ڈالی۔ جاپان کے سفیر نے معاشی بحالی کے لیے حکومت کی کوششوں کی تعریف کی اورترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کیلئے حکومت پاکستان کی کوششوں کیلئے جاپان کی مسلسل حمایت کا اظہار کیا ۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں نے بہتر کارگردگی کامظاہرہ کیاہے اور حکومت تیز تراقتصادی ترقی کیلئے ان شعبوں پر مزید توجہ دے رہی ہے ، فریقین نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے اور دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لیے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔

متعلقہ عنوان :