عوام کو ریلیف دینے بارے ڈپٹی کمشنر سوات کامینگورہ بازار کا دورہ

منگل 26 مارچ 2024 21:30

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر سوات ڈاکٹر قاسم علی خان نے مینگورہ بازار کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے سوات کے عوام کو بنیادی اشیائے خوردونوش سستے اور حکومت کی طرف سے مقررکردہ نرخوں پر فراہمی کی عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے منگورہ بازار میں اشیائے خوردونوش کے متعدد دکانوں کا ازخود معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے جنرل سٹورز، کریانہ سٹورز، دودھ، دہی اور خاص طور پر گوشت و پولٹری کے نرخوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے دکان مالکان سے بات چیت کی اور مارکیٹ کے حالات اور نرخوں کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ڈپٹی کمشنر سوات نے تمام دکانداروں /سٹورز مالکان کو صوبائی حکومت کے احکامات اور ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے مقرر کردہ نرخنامے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ صارفین کے ساتھ مکمل طور پر تعاون کو یقینی بنائے۔