تحریک انصاف کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی

کسی کا رائٹ آف اسمبلی تو نہیں چھینا جا سکتا، جلسے سب نے کئے ہیں، آپ قواعد و ضوابط اور شرائط طے کر لیں،چیف جسٹس عامر فاروق کے ریمارکس

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 27 مارچ 2024 10:53

تحریک انصاف کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مارچ2024 ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصا ف کو جلسہ کرنے کی اجازت دیدی، چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت نہ دینے خلاف درخواست پر سماعت کی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ کسی کا رائٹ آف اسمبلی تو نہیں چھینا جا سکتا، جلسے سب نے کئے ہیں، آپ قواعد و ضوابط اور شرائط طے کر لیں۔

عدالت نے اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت کی کہ آپ نے جو شرائط عائد کرنی ہیں وہ کر دیں۔سٹیٹ کونسل کا موقف تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث جلسے کی اجازت نہیں دی گئی تھی اور پہلے بھی ان کو جو اجازت دی گئی اس کی خلاف ورزی ہوئی تھی۔پی ٹی آئی وکیل شیر افضل مروت ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم اب 6 اپریل کو اسلام آباد میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں، جس پر چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ آپ صرف یہ خیال رکھیں کہ کوئی ہنگامہ آرائی نہ ہو۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ جو شرائط نارمل ہوتی ہیں وہ لگائیں اس میں کوئی حرج نہیں، کوئی غیر معمولی شرائط عائد نا ہو جو اسٹینڈرڈ ٹی او آر ہوتے ہیں اس کے مطابق اجازت دیں۔سرکاری وکیل نے کہا کہ گزشتہ روز دہشت گردی کا ایک افسوس ناک واقعہ بھی ہوا ہے، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ زندگی رکتی تو نہیں ہے بلکہ چلتی ہی رہتی ہے اور ہم نے اسی طرح دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے۔

وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ کل جو واقعہ ہوا ہے وہ تو ڈی سی کے جلسہ کی اجازت نا دینے کی وجہ سے ہوا ہے، ہم ہر قسم کی شرائط کیلئے تیار ہیں۔ ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے کہ میرے سے پہلے والے چیف جسٹس بھی اجازت دیتے رہے ہیں میں نے بھی آرڈر کیا ہے۔سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے ہدایات لینے کا وقت دے دیں۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس میں کہا کہ میں آپ کی رضامندی نہیں مانگ رہا، فیصلہ میں نے کرنا ہے۔