زیر گردش کرنسی کے حجم میں گزشتہ ہفتے کے دوران 0.5 فیصد کااضافہ ریکارڈکیاگیا

بدھ 27 مارچ 2024 13:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) زیر گردش کرنسی کے حجم میں گزشتہ ہفتے کے دوران ہفتہ وار بنیادو ں پر 0.5 فیصد کااضافہ ریکارڈکیاگیا ہے ۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کر دہ اعدادوشمار کےمطابق 15 مارچ 2024 کو ختم ہونے والے ہفتہ میں زیر گردش کرنسی کاحجم 8709 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلہ میں 0.5فیصد زیادہ اور جاری مالی سال کے آغازسے لے کر اب تک 4.8 فیصد کم ہے پیوستہ ہفتے کے اختتام پر زیر گردش کرنسی کاحجم 8663 ارب روپے اور گزشتہ مالی سال کے اختتام پر زیر گردش کرنسی کاحجم 9149 ارب روپے ریکارڈکیاگیا تھا۔

اعدادوشمار کے مطابق زر وسیع (ایم ٹو) میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.5فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 3.5 فیصد کااضافہ ہوا۔ 15 مارچ کوختم ہونےوالے ہفتےمیں زروسیع کاحجم 32630 ارب روپےریکارڈکیا گیا جو پیوستہ ہفتے میں 32480 ارب روپے اور گزشتہ مالی سال کے اختتام پر 31523ارب روپے ریکارڈکیاگیا تھا۔

(جاری ہے)

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے اختتام پر بینکوں کے پاس مجموعی ڈیپازٹس کاحجم 23797 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلہ میں 0.4 فیصداور جاری مالی سال کے آغازسے لے کر اب تک 6.9 فیصد زیادہ ہے۔ پیوستہ ہفتے کے اختتام پر بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائرکا حجم 23691 ارب روپے اور جاری مالی سال کے آغاز پر 22262 ارب روپے ریکارڈکیاگیا۔

متعلقہ عنوان :