محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کے سن یونٹ کے زیر اہتمام اراکین صوبائی اسمبلی کیلئے بہتر غذائیت کے حوالے سے مشاورتی سیشن کا انعقاد

بدھ 27 مارچ 2024 14:09

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کے سن یونٹ کے زیر اہتمام صوبائی اسمبلی کے اراکین کیلئے بہتر غذائیت کے حوالے سے پالیسی ساز اقدامات بروئےکار لانے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرنے کیلئے مشاورتی سیشن کا انعقاد مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات راجہ ناصر علی خان نے کہا کہ ناقص غذائیت کے خاتمے اور پائیدار، متوازن اور مضبوط نظام ہائے خوراک کے قیام کیلئے عملی اقدامات ناگزیر ہیں، فورٹیفکیشن کو غذا میں شامل کرنے کے بعد موثر اور مثبت نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

گلگت بلتستان میں فوڈ ایکٹ کی عدم موجودگی کے سبب ناقص اور غیر معیاری اشیائے خوردنوش کی بھرمار سے انسانی صحت پر مضر اثرات میں اضافہ ہوگیا تھا مگر موجودہ حکومت نے فوڈ ایکٹ کا نفاذ یقینی بنایا ہے اور معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام سمیت حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صارفین کو اشیائے خوردونوش کی دستیابی اور صاف پانی کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات بروئے کار لائے جائینگے، انہوں نے سن یونٹ کی معیار اور بہتر غذائیت کے فروغ کیلئے آگاہی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک غلام محمد نے کہا کہ محکمہ خوراک معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے پالیسی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہا ہے اور فوڈ ایکٹ کے نفاذ کے علاوہ سو فیصد ملکی سطح پر پیدا ہونیوالی معیاری گندم کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ ایکٹ کے نفاذ کے بعد غیر معیاری اشیائے خوردنوش کی ترسیل اور فروخت پر سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے کہا کہ بہتر غذائیت کے فروغ کیلئے آگاہی مہم پہنچانے کیلئے ذرائع ابلاغ سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کو مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں ناقص غذا اور غیر معیاری اشیائے خوردنوش کی بہتات کو روکنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات لازمی ہیں۔ اس سے قبل محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کے ڈپٹی چیف علی جبار نے اراکین اسمبلی کو بہتر غذائیت کے فروغ کیلئے جامع پالیسی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے ڈپٹی چیف سوشل سیکٹر محمد عالم نے بھی غذائی تحفظ کیلئے موثر اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ سن یونٹ کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر نادر شاہ نے محکمہ ترقی و منصوبہ بندی میں اس منصوبے کی غرض و غایت سمیت حالیہ کارکردگی پر روشنی ڈالی اور صوبائی حکومت کی جانب سے سالانہ ترقیاتی منصوبوں میں بہتر غذائیت کیلئے بروئے کار لائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے گلگت بلتستان میں غذائیت کی صورتحال کے حوالےسے تفصیلی بریفنگ دی اور مزید مربوط اقدامات بروئے کار لانے پر زور دیا۔\378