انٹرنیشنل بزنس کونسل کرغزستان کی پاکستانی سرمایہ کاروں کو فارماسیوٹیکل پلانٹس اور ٹیکسٹائل یونٹس قائم کرنے کی دعوت

بدھ 27 مارچ 2024 14:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) انٹرنیشنل بزنس کونسل (آئی بی سی) کرغزستان نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو فارماسیوٹیکل پلانٹس اور ٹیکسٹائل یونٹس قائم کرنے کی دعوت دی ہے۔ یہ پیشکش بدھ کو آئی بی سی کے ڈائریکٹر عسکر سیدکوف نے مہر کاشف یونس کی قیادت میں پاکستان کے تجارتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کی جو اس وقت کرغزستان کے دورے پر ہے۔

اس موقع پر پاکستان میں کرغزستان ٹریڈ ہائو س کے صدر ڈاکٹر شاہد حسن بھی موجود تھے۔ دورے کا بنیادی مقصد دونوں مسلم ممالک کے درمیان باہمی تجارت کا حجم بڑھانے کے لیے طریقہ کار وضع کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرغزستان سرمایہ کاری کے لیے بہترین ملک ہے جہاں فارماسیوٹیکلز اور ٹیکسٹائل کی بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سے منافع بخش منصوبوں کے لیے ماحول انتہائی سازگار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی فارماسیوٹیکل انڈسٹری میں مسلسل ترقی کی وجہ سے کرغزستان ان سرمایہ کاروں کے لیے منافع بخش منزل ہے جو اس پھیلتی ہوئی مارکیٹ سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ فارماسیوٹیکل پلانٹس لگا کر پاکستانی سرمایہ کار نہ صرف ہماری طلب کو پورا کر سکتے ہیں بلکہ وسطی ایشیا کے پڑوسی ممالک کو برآمد کے مواقع سے بھی مستفید ہو سکتے ہیں۔

عسکر سیدکوف نے کہا کہ کرغزستان میں سرمایہ کاری کے فوائد مارکیٹ کی طلب سے کہیں زیادہ ہیں۔ یہ ملک سازگار کاروباری ماحول کا حامل ہے جہاں آزادانہ سرمایہ کاری پالیسیاں، ٹیکس مراعات اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت کی سپورٹ میسر ہے۔ کرغزستان مسابقتی لیبر اخراجات اور وافر قدرتی وسائل کا حامل ہے جس سے ملک میں سرمایہ کاری کی قدر میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔

آئی بی سی قریبی تعاون، قیمتی رہنمائی، نیٹ ورکنگ کے مواقع اور ریگولیٹری سپورٹ تک رسائی کے ساتھ بلا رکاوٹ مارکیٹ میں داخلے کو یقینی بناتا ہے۔ آئی بی سی پاکستانی سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے اور شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرغزستان میں ٹیکسٹائل کی صنعت ترقی کی جانب گامزن ہے جہاں ملکی اور بین الاقوامی معیاری ٹیکسٹائل مصنوعات کی بہت زیادہ مانگ ہے۔

ٹیکسٹائل یونٹس قائم کر کے پاکستانی سرمایہ کار اس مانگ کو پورا کر سکتے ہیں اور یوریشین اکنامک یونین اور دیگر علاقائی منڈیوں میں کرغزستان کے اسٹریٹجک مقام سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اس سے دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کو فروغ حاصل ہو گا۔

متعلقہ عنوان :