دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے حکومت ہنگامی اقدامات کری:متحدہ علما کونسل

بدھ 27 مارچ 2024 22:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) متحدہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی صدر مولانا زاہد الراشدی،سیکرٹری جنرل سردار محمد خان لغاری ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر ملک محمد سلیم،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،مولانا محمد راغب حسین نعیمی ،مولاناعبدالغفار روپڑی و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ دہشتگردوں کو کچلنے کیلئے حکومت ہنگامی اقدامات کرے، ملک د شمن قومی و سکیورٹی تنصیبات اور چینی باشندوں کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں، تربت نیول ائیربیس اور بشام میں چینی باشندوں پر حملے کی مذ مت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ دہشتگردی کے گھنائونے فعل کی مذمت اور جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں، پوری قوم اس مشکل وقت میں چینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ دہشتگرد نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لئے بھی خطرہ ہیں، اس طرح کی گھنائونی کارروائیوں کے مرتکب افراد کی بیخ کنی کے لیے فورسز کی انتھک محنت کو سلام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن، خوشحالی اور ہم آہنگی پر مبنی مستقبل کے لیے جاری کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی۔