صارفین کو اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانا ہے،شوکت علی

بدھ 27 مارچ 2024 23:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) صارفین کو اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے کمشنر مردان ڈویژن شوکت علی یوسفزئی خود بھی میدان میں آگئے۔ کمشنر مردان نے ایڈیشنل کمشنر نعیم اختر، ڈپٹی کمشنر مردان محمد فیاض خان شیرپاؤ، ٹی ایم اے اور کینٹونمنٹ بورڈ سٹاف اور دیگر حکام کے ہمراہ مختلف بازاروں کا اچانک دورہ کیا اور خورد و نوش کی مختلف اشیاء کے نرخوں کی جانچ پڑتال کی جبکہ بازار میں موجود خریداروں سے بات چیت کی اور ان کی رائے معلوم کی۔

اس موقع پر ناجائز تجاوزات کرنے پر متعدد دکانیں سیل کرنے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کاروائی کی گئی۔ کمشنر مردان نے بنک روڈ سمیت دیگر بازاروں میں ناجائز تجاوزات کے خلاف گزشتہ دنوں مقامی انتظامیہ کی جانب سے کی گئی کاروائی کا بھی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے انتظامی افسران کو ہدایت کی بازاروں میں نرخوں کی جانچ پڑتال کا عمل رمضان تک محدود رکھنے کی بجائیمستقل بنیادوں پر جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کی منڈی میں نیلامی کے موقع پر ذمہ دار افسر کی موجودگی لازمی طور پر ہو اور کسی کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے۔ انہوں نے دودھ اور دیگر اشیاء میں ملاوٹ کا قلع قمع کرنے کی بھی ہدایت کی اور اس حوالے حلال فوڈ اتھارٹی کی لیباٹری سے دودھ کے نمونے چیک کروا کر ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے۔

شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے تاجر برادری کا تعاون حاصل کیا جائے اور سرکاری نرخ نامہ کی ہر صورت پابندی کرائی جائے۔ انہوں نے مختلف بازاروں میں قاثم پرائس مانیٹرنگ ڈیسکس کو مزید فعال بنانے اور وہاں درج شکایات پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کی۔ انہوں نے بنک روڈ پر کمپنی باغ سمیت گاڑیوں کی مناسب پارکنگ ایریا کے بندوبست کی بھی ہدایت کی تاکہ روڈ پر گاڑیاں پارک نہ کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :