وزیر محنت خیبرپختونخوا سے ضلع چارسدہ کے ارکان صوبائی اسمبلی کی ملاقات، مختلف مسائل کے حل پر غور

بدھ 27 مارچ 2024 20:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر محنت فضل شکور خان سے بدھ کے روز ضلع چار سدہ کے ارکان صوبائی اسمبلی عارف احمد زئی، افتخار اللہ جان، ارشد خان عمرزئی اور خالد خان نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ضلع چارسدہ کے مختلف مسائل پر غور و خوض کیاگیا۔اس موقع پر ضلع کے ڈی ای او میل عبدالمالک اور ڈی ای او فی میل ثریا خٹک بھی موجود تھیں۔

صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی علاقے کی ترقی کا دارومدار تعلیم سے مشروط ہے ، جس ضلع میں تعلیم کا رجحان زیادہ ہوگا وہاں پر ترقی اور امن و سکون بھی زیادہ ہوگا۔ اس موقع پروزیر محنت فضل شکور خان اور اراکین صوبائی اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع چارسدہ کو ایک مثالی ضلع بنانے میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی ای او میل اور فیمیل کو تعلیمی نظام کی بہتری کے لئے ضروری ہدایات بھی دی گئیں ۔انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان پر بھرپور توجہ دی جائے تاکہ یہاں کے طلبہ دوسرے اضلاع کے طلبہ سے کسی طور پر پیچھے نہ رہیں۔ ملاقات میں صوبائی ممبران اسمبلی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران نے وزیر محنت کی کوششوں اور تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے گراں قدر تجاویز کو سراہا۔