احسن اقبال سے ترکیہ کے سفیر کی ملاقات

باہمی تجارتی حجم بڑھانے اور مزید شعبوں پر کام شروع کرنے پر اتفاق

بدھ 27 مارچ 2024 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پرفیسر احسن اقبال سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پیکاسی نے ملاقات کی،ملاقا ت میںدونوں رہنمائوں کے درمیان تجارتی اور سفارتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ترکیہ کے سفیر نے احسن اقبال کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وفاقی وزیر نے ترکیہ کے سفیر کو بتایاکہ پاکستان اور ترکیہ کو ایسے شعبوں کی تلاش کرنی چاہئے جہاں دونوں ممالک ایک دوسرے کی طاقتوں سے فائدہ اٹھا سکیں جس میں تیسرے ممالک کو برآمدی اشیا کی مشترکہ پیداوار کے ساتھ ساتھ آرٹس اور میڈیا میں ثقافتی تعاون جیسے شعبے شامل ہیں ۔

انہوں نے یورپ کو اشیا برآمد کرنے کے لئے خصوصی اقتصادی زونز میں صنعت قائم کرنے کیلئے ترکیہ کی مدد پر زور دیا چونکہ پاکستان میں مزدوری کی لاگت ترکیہ کے مقابلے میں کم ہے،دونوں اطراف نے دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف اسلامو فوبک حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور دہشت گردی کی لعنت کے خلاف لڑنے میں اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔ترکیہ کے سفیر نے وفاقی وزیر کو ہائی لیول سٹریٹیجک کوآپریشن کونسل جلد ہی دونوں ممالک کے درمیان آئندہ اجلاس منعقد کرانے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔