ماہ صیام میں تاجر برادری عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کے لئے کم منافع پر اشیاءفروخت کریں،تحصیلدارمستونگ میر بلند خان شاہوانی

بدھ 27 مارچ 2024 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) مستونگ میں تحصیلدار میر بلند خان شاہوانی نائب تحصیلدار مولا داد بنگزئی محمد مراد جمالی نے لیویز فورس کے ہمراہ میجر چوک پر اشیاءخوردونوش کی قیمتوں اور کوالٹی کا جائزہ لیا میر بلند خان شاہوانی و دیگر نے ایشیاءبیکرز میں رمضان المبارک میں خصوصی ڈسکاؤنٹ پیکج میں عوام کو ریلیف فراہمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام میں تاجر برادری عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کے لئے کم منافع پر اشیاءفروخت کریں۔

سال کے گیارہ ماہ روٹین کے مطابق تاجر برادری اپنا سامان فروخت کرتی ہے اگر صرف ایک ماہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے حصول اور اپنی دنیا وآخرت سنوارنے کے لئے انسانیت کی خدمت کی خاطر معقول منافع کما کر غریب عوام کو ریلیف پہنچائیں تو کیا ہی اچھا ہو۔

(جاری ہے)

ایشیاءبیکرز و سپر مارٹ کی جانب سے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہمی بہترین اقدام ہے۔

انہوں نے ایشیاءبیکرز کے اونر حاجی عبدالحکیم حاجی عبدالعزیز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو جو سبسڈی دی ہے وہ خوش آئند ہے تمام تاجر اگر اس ماہ مقدس میں اسی طرح کی اشیاءخوردونوش کی قیمتوں میں خصوصی رعایت دیں تو انتظامیہ کو سستا بازار لگانے کی ضرورت پیش نہیں آئیگا۔انہوں نےکہا کہ ایشیاءبیکرز کی رمضان پیکج میں مناسب قیمتوں پر معیاری اشیاءدستیاب ہیں۔

دیگر تاجر بھی ان کی تقلید کرتے ہوئے رمضان المبارک میں عوام کو سبسڈی دیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں، بخششوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ یہ نیکیوں کا موسم بہار ہے۔ تاجر برادری عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کے لئے کم منافع پر اشیاءفروخت کریں۔ ضلعی انتظامیہ ایسے تاجروں کی حوصلہ افزائی کی ہمہ وقت تیار ہے جو عوام کو ماہ صیام میں ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔دریں اثناءتحصیلدار میر بلند خان شاہوانی و دیگر نے میجر چوک کے ایریا میں گوشت کی نرخوں کا جائزہ لیا۔ قصائی سرکاری نرخنامہ پر بکری لیلا اور بڑا گوشت مرغی فروخت کررہے تھے۔