کاکول ٹریننگ کیمپ، اعظم خان 2 کلومیٹر ریس پوری نہ کرسکے

پہلی پوزیشن عرفان خان نیازی نے حاصل کی، محمد رضوان نے دو کلومیٹر کا ٹیسٹ 8 منٹ 26 سیکنڈ میں مکمل کیا جب کہ عماد وسیم نے حصہ نہیں لیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 28 مارچ 2024 12:34

کاکول ٹریننگ کیمپ، اعظم خان 2 کلومیٹر ریس پوری نہ کرسکے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 مارچ 2024ء ) ایبٹ آباد کی کاکول اکیڈمی میں ٹریننگ کے دوسرے دن پاکستانی کرکٹرز کی فٹنس کا جائزہ لیا گیا۔ ان میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعظم خان کو دو کلومیٹر کا مقررہ دوڑ مکمل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ اس ٹیسٹ کے دوران عرفان اللہ خان نیازی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو کلومیٹر کی دوڑ 6 منٹ 47 سیکنڈز میں مکمل کر کے پیک کی قیادت کی۔

تاہم اعظم خان نے رکنے سے پہلے صرف ڈیڑھ کلومیٹر کا سفر طے کیا۔ انہوں نے یہ فاصلہ بھی 20 منٹ میں طے کیا۔ دیگر قابل ذکر پرفارمنس میں محمد رضوان نے 8 منٹ 26 سیکنڈ میں رن مکمل کیا جبکہ محمد حارث، نسیم شاہ، حسیب اللہ اور محمد وسیم جونیئر نے 8 منٹ 27 سیکنڈز میں رن مکمل کیا۔ مہران ممتاز نے 8 منٹ 30 سیکنڈ میں، شاہین شاہ آفریدی نے 8 منٹ 37 سیکنڈز میں، آغا سلمان نے 9 منٹ 20 سیکنڈ میں، محمد عامر نے 9 منٹ 30 سیکنڈ میں، شاداب خان نے 9 منٹ 56 سیکنڈ میں اور محمد نواز نے 9 منٹ 30 سیکنڈ میں رن مکمل کیا۔

(جاری ہے)

عماد وسیم گھٹنے کی ممکنہ انجری میں مبتلا ہونے کے خدشات کے باعث شرکت نہیں کر سکے۔ اسی طرح فخر زمان اور حارث رؤف نے ٹیسٹ سے گریز کیا کیونکہ وہ ابھی تک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے دوران لگنے والی انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ بابر اعظم جو عمرہ کے لیے سعودی عرب میں تھے جمعرات کو کاکول اکیڈمی کیمپ میں شامل ہونے کا امکان ہے۔