وزیرآبپاشی کا نوٹس، پی کے پی اتھارٹی ملازمین کو جلد تنخواہیں ادا کرنے کا حکم

پنجاب کھال پنچایت اتھارٹی ملازمین کی وزیر آبپاشی و چیئرپرسن اتھارٹی سے ملاقات

جمعرات 28 مارچ 2024 17:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا حکومت کے بنیادی منشور میں شامل ہے،تنخواہ کی بروقت ادائیگی ملازمین کا بنیادی حق ہے،آئندہ کے لئے ان وجوہات کا تدارک ضروری ہے جو اتھارٹی ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی میں رکاوٹ بنیں۔یہ بات وزیر آبپاشی و چیئرپرسن پنجاب کھال پنچایت اتھارٹی صاحبزادہ محمد کاظم علی پیرزادہ نے محکمہ آبپاشی کے آڈیٹوریم میں اتھارٹی کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر پی کے پی اتھارٹی کے ڈپٹی جنرل منیجر سید شائق حسین عابدی، منیجر کمیونیکیشن محمد اسلم رانا، منیجر آئی ایس سید سہیل عباس شمسی، منیجر آئی ایس محمد ذوالفقار علی، منیجر آئی ایس خالق داد، منیجر ایڈمن سید محمد حسنین شاہ، منیجر آپریشن رضوان اسلم، اسسٹنٹ منیجر پراجیکٹس چوہدری محمد ارشد کمبوہ، اسسٹنٹ منیجر ریفارمز عمران اسلم، اکائونٹ آفیسر سید وسیم احمد، آڈٹ آفیسر محمد افضل گوہر اور اسسٹنٹ پروگرامر حافظ کاشف الرحمان کے ساتھ ساتھ پنجاب بھر سے آئے ہوئے ملازمین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

محکمہ آبپاشی کی پنجاب کھال پنچایت اتھارٹی کے ملازمین نے وزیر آبپاشی و چیئرپرسن اتھارٹی محمد کاظم علی پیرزادہ سے ملاقات میں انہیں وزارت آبپاشی کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔اس موقع پر ملازمین نے اپنے سروس سٹرکچر بنوانے، اتھارٹی اجلاس بلانے اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر اپنے تحفظات اور دیگر درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ جس پر وزیر آبپاشی کاظم علی پیرزادہ نے کہا کہ نے کہا کہ تنخواہ ملازمین کا بنیادی حق ہے اس سلسلے میں میں جلد سیکرٹری آبپاشی و منیجنگ ڈائریکٹر پی کے پی اتھارٹی سے ملاقات کروں گا تا کہ عید سے پہلے پہلے تنخواہوں کی ادائیگی ممکن ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اتھارٹی کو ڈی فنکشنل کرنے، ملازمین کو سر پلس پول میں بھیجنے یا محکمہ آبپاشی میں ضم کرنے کا معاملہ حکومتی پالیسوں کے مطابق کیا جائے گااور اگر ایسا کرنا ناگزیر ہوا تو ملازمین کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا اور ان کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :