ایبٹ آباد ، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ڈسٹرکٹ جیل میں فرضی مشق کا انعقاد

جمعرات 28 مارچ 2024 19:05

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) ایبٹ آباد پولیس نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے و جوانوں اور دیگر انتظامیہ کو ذہنی و جسمانی طور پر تیار رکھنے کے لیے ڈسٹرکٹ جیل میں فرضی مشق کا انعقاد کیا ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد عمر طفیل کی ہدایت پر ایس پی کینٹ ڈاکٹر محمد عمر کی زیر نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی،ریپڈ رسپانس فورس،ایلیٹ فورس،ڈسٹرکٹ پولیس،لیڈیز کمانڈوز،سی ٹی ڈی پولیس،بم ڈسپوزل سکواڈ،کینائن یونٹ،سنائپر شوٹرز،ڈسٹرکٹ سیکیورٹی برانچ اور دیگر متعلقہ شعبہ جات نے مشقوں میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

فرضی مشق کے دوران کمانڈوز نے جیل کا محاصرہ،بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکاروں اور کینائن یونٹ کے خصوصی تربیت یافتہ ڈاگز نے جیل ایریا میں مکمل سرچنگ کی۔ سنائپرز نے اپنی پوزیشن سنبھالی جبکہ ایلیٹ فورس کے خصوصی تربیت یافتہ کمانڈوز اور لیڈیز کمانڈوز نے فرضی طور پر دہشت گردوں کے قبضہ شدہ عمارت پر آپریشن کرتے ہوئے کامیابی سے فرضی دہشت گردوں کی گرفتاری عمل میں لائی اور یرغمال عملہ کو ان کی قید سے آزاد کروایا۔ بعد ازاں مشق میں حصہ لینے والے جوانوں نے انتظامیہ کے ہمراہ جیل سیکیورٹی کے حوالے سے مکمل دورہ بھی کیا اور انتظامیہ کو جیل سیکیورٹی سخت سے سخت رکھنے کی ہدایت دی۔