اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی شکایات تشویشناک ہیں: یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی یو کے

جمعرات 28 مارچ 2024 20:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی یو کے کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی شکایات تشویش ناک ہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط پر برطانیہ کی یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی نے بیان جاری کیا ہے۔بیان میں یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی یو کے نے کہا ہے کہ عدلیہ کی آزادی اہم ہے، یہ آئین اور جمہوریت کا اہم ستون ہے، عدالتوں میں ججوں کی غیر جانبداری اور آزادی ضروری ہے۔

یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی یو کے کا کہنا ہے کہ ججوں پر بیرونی دباو قانون کی حکمرانی کے اصول کو نقصان پہنچاتا ہے، جج بیرونی دباو کا شکار نہ ہوں، ججوں کو کوئی خاص فیصلہ کرنے کے لیے کسی سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔بیان میں یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی یو کے نے کہا ہے کہ ایجنسیوں کا ججز کو ہدایات دینا عدالتی آزادی کو مجروح کرتا ہے، عدلیہ میں ایسی مداخلت کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی یو کے نے کہا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری تحقیقات کریں، ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔جاری کیے گئے بیان میں یونائیٹڈ لائرز سوسائٹی یو کے نے یہ بھی کہا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان کارروائی کریں تاکہ ججز بغیر کسی خوف کے آزادانہ طور پر انصاف کریں۔