وزیر تعلیم سکندر حیات کے سرکاری سکولوں اور امتحانی مراکز کے سرپرائز دوروں کا سلسلہ جاری

دور دراز سے پرچہ دینے آنے والی طالبات کی حوصلہ افزائی، غیر معیاری انتظامات پر انتظامیہ کی سرزنش وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات دینے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں‘ وزیر تعلیم پنجاب

جمعرات 28 مارچ 2024 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے سرکاری سکولوں اور امتحانی مراکز کے سرپرائز دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔ نقل کی روک تھام کیلئے اقدامات کے مشاہدے اور طلبہ کیلئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے وزیر تعلیم نے گذشتہ روز دیو سماج روڈ اور لارنس روڈ سمیت دیگر علاقوں کے سرکاری سکولوں کا اچانک دورہ کیا اور امتحانی عمل کا مشاہدہ کیا۔

انہوں نے طلبہ سے سہولیات اور عملہ کے رویہ کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ صوبائی وزیر نے طالبعلموں کے پرچے بھی دیکھے اور خود بھی ان کی چیکنگ کی۔ رانا سکندر حیات نے بعض سکولوں میں طلبہ کیلئے غیر معیاری انتظامات پر انتظامیہ کی سرزنش کی جبکہ دور دراز سے پرچے دینے آنے والی طالبات کی حوصہ افزائی بھی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبہ و طالبات سے سکولوں سے متعلقہ مسائل بارے بھی استفسار کیا اور بہتری کی تجاویز پر بھی ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر طلبہ کو حصول تعلیم کی معیاری سہولیات دینے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں طلبہ کی جانب سے ملنے والے مشوروں کو بھی نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ رانا سکندر حیات نے طلبہ و طالبات کو یقین دلایا کہ ان کے سکولوں کی بہتری اور مناسب سہولیات کی فراہمی کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے امتحانات دینے والے طلبہ کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا اور انہیں کامیابی کی دعا دی۔