فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائی، مضر صحت گھی و آئل کی بھاری کھیپ برآمد،مقدمہ درج، ملزم گرفتار

جمعرات 28 مارچ 2024 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) وزیر اعلی ٰپنجاب مریم نوازاورڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاویدکی ہدایت پر ماہ رمضان میں جعلسازی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بڑی کارروائی کی ، لاہور میں سپلائی کے لیے تیار مضر صحت گھی، آئل کی بڑی کھیپ برآمد ، چیکنگ کے دوران 8000 لٹر گندا آئل، 3000 کلو ناقص گھی اور 300 پیکنگ کارٹن تلف کر کے مقدمہ درج اور ملزم گرفتار کروا دیا گیا۔

ترجمان کےمطابق انسپیکشن میں 6500 پیکنگ کارٹن، 6000 کلو سے زائد مختلف برانڈز کا گھی، گھی سپلائی کرنے والا ٹرک، 17 ڈرم سمیت پروسیسنگ ٹینک، مشینیں، سلنڈر اور تمام اشیاء ضبط کر لی گئیں۔اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ لاہور میں مسلسل ناکہ بندیوں اور ٹولنٹن مارکیٹ میں چیکنگ کے دوران 5600 کلو سے زائد ناقص گوشت تلف کیا گیا ہے جبکہ صوبہ بھر میں میٹ سیفٹی ٹیموں نے رمضان المبارک میں 4لاکھ35ہزار کلو سے زائد گوشت کی چیکنگ کی اور 27ہزار کلو سے زائد گوشت تلف,ایک لاکھ کلو ناقص بیسن تلف کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح رمضان میں فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 36ہزار 883 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ کی اور 4400 پوائنٹس کو 5کروڑ 22لاکھ 49ہزار کے جرمانے عائد کیئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ مکروہ کاروبار کرنے پر 250پوائنٹس بند، جعلسازی کرنے پر 40کیخلاف مقدمات درج اور1277 فوڈ سیمپل لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بجھوائے گئے ہیں۔ عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ رمضان میں زیادہ استعمال ہونے والی اشیاء خورو نوش مصالحے،بیسن،میدہ،دہی بھلے،فروٹ چارٹ،ڈرائی فروٹس،سویاں یونٹس ،سموسہ، رول پٹی، پکوڑیاں، فروزن پروڈکٹس، ساسز،کیچپ،میونیز،مشروبات، ریسٹورنٹس،فاسٹ فوڈ پوائنٹس اور ڈھابوں کو بھی باقاعدگی سے چیک کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح ماہ رمضان میں استعمال کی جانے والی مشروبات تیار کرنے والی کمپنیوں کی پراڈکٹس کی سیمپلنگ بھی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نوازکے خصوصی احکامات کے پیش نظر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے نگہبان رمضان راشن پروگرام میں اپنا مکمل کردار ادا کیا اورنگہبان راشن کے لیے پیک کی جانے والی تمام اشیاء کے معیار کو چیکنگ کے دائرے سے گزارا گیا۔

روزے کی حالت میں شہری خود کو کیسے تندرست رکھ سکتے ہیں؟ کے حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ فوڈ اتھارٹی نیوٹریشن ٹیم نے خصوصی ڈائیٹ پلان بھی متعارف کروا دیا ہے جس پر عملدرآمد سے شوگر، بلڈ پریشر جیسی امراض میں مبتلا مریض صحت بخش غذا کھا سکیں گے، عوام سے بھی گزارش ہے کہ اچھی صحت کے لیے غذائیت سے بھرپورصحت افزا خوراک کا انتخاب کریں۔