سرکاری وصولیوں،ڈیوٹیوں،ٹیکسوں کی وصولی کے لیے30 اور 31مارچ کو بینک برانچیں کھلی رہیں گی

جمعرات 28 مارچ 2024 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) سرکاری وصولیوں،ڈیوٹیوں،ٹیکسوں کی وصولی کے لیے30 اور 31مارچ کو بینک برانچیں کھلی رہیں گی۔ مرکزی بینک سے جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق ٹیکس دہندگان کو سرکاری ڈیوٹیوں،ٹیکسوں کی ادائیگی میں سہولت دینے کی غرض سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ بینکوں کی وہ تمام برانچیں جو ہفتے کو کھلی رہتی ہیں، وہ آلٹر نیٹ ڈیلیوری چینلز(اے ڈی سی) اوور دی کائونٹر سہولت (او ٹی سی)کے ذریعے ٹیکسوں کی وصولی میں سہولت دینے کی غرض سے ہفتہ30مارچ اور اتوار 31مارچ 2024 کو توسیع شدہ بینکاری اوقات میں سہ پہر 4بجے تک کھلی رہیں گی۔

مذید برآں ، میسرز نفٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ادائیگی کے تمسکات کی اسی دن کلیئرنگ یاسیٹلمنٹ یقینی بنانے کے لیے ہفتہ 30مارچ اور اتوار 31مارچ سہ پہر 4بجے خصوصی کلیئرنگ کا اہتمام کرے۔

(جاری ہے)

ٹیکس وصولیوں کے spill overکے مسئلے کو ختم کرنے کے لیے بینک اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ حکومتی وصولیوں سے متعلق کوئی بھی انسٹرومنٹ، جو مذکورہ دفتری اوقات میں جمع کرایا جائے گا، اسے برانچ کے کائونٹر پر نمٹایا جائے گا اور اس کا اندراج 31مارچ 2024 کی مذکورہ خصوصی کلیئرنگ کی تاریخ میں کیا جائے گا۔بینکوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس وقت تک اپنی متعلقہ برانچوں کو30اور 31مارچ 2024 کو کھلا رکھیں گے، جب تک نفٹ کی جانب سے حکومتی ٹرانزیکشنوں کی خصوصی کلیئرنگ میں سہولت دینے کے لیے ضروری ہے۔