محکمہ زراعت کی باغبانوں کو آم کی فصل کو مختلف بیماریوں سے بچانے کےلئے ہدایات

جمعہ 29 مارچ 2024 12:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) محکمہ زراعت نے باغبانوں کو آم کی فصل کو مختلف بیماریوں سے بچانے کے لئے وسط اپریل تک پودوں کے گھیرے میں پلاسٹک شیٹ بچھانے کا مشورہ دیا ہے ۔ اس عمل سے زمین میں موجود کیڑوں کے پروانے باہر نہیں نکل سکتے ، اس لئےجو سنڈیاں پیوپا بنانے کےلئے پودوں سے نیچے گرتی ہیں وہ بھی مٹی تک نہیں پہنچ پاتیں اور پلاسٹک شیٹ کے اوپر ہی مر جاتی ہیں جس سے آم پر بور کی مکھی کے حملے کاخدشہ نہیں رہتا۔

محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ پھل بننے اور نئے پتے نکلنے کے مرحلے پر بور کی مکھی کی سنڈیاں پھل کو نقصان پہنچا سکتی ہیں جس سے پھل کی بڑھوتری رک جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس بیماری سے پتے بھی مختلف جگہوں سے چڑ مڑ ہوجاتے ہیں، باغبان اس کیڑے کے مؤثر کنٹرول کےلئے مربوط طریقہ انسداد کی حکمت عملی اپنا کر نقصان سے بچ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ باغبان آم کے باغات اور درختوں پر خصوصی نظر رکھیں اور اگر کسی جگہ پر بٹور والے پھول نظر آئیں تو بلا توقف انہیں سبز حالت میں ہی کاٹ کر تلف کر دیا جائے تاکہ وہ دیگر صحت مند پھولوں کو نقصان نہ پہنچا سکیں۔

باغبان فور ی طور پر آم کے درختوں کو ایک کلوگرام فی پودا یوریا کھاد بھی ڈالیں اور پھل کو صحت مند رکھنے کےلئے آبپاشی بھی جاری رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ موجودہ موسمی حالات کے باعث آبپاشی کا وقفہ 20دن تک ہونا چاہیے تاہم باغبان موسم کی کیفیت کے مطابق اس میں کمی بیشی بھی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ باغبان 10سے 14 روز کے وقفہ سے سفوفی پھپھوندی کے خلاف پھپھوند کش زہروں کا استعمال کریں تاکہ آم کی فصل کو کوئی نقصان نہ پہنچ سکے۔

متعلقہ عنوان :