پسرور، عید پر امن و امان کو برقرار رکھنا اور شہریوں کا تحفظ اولین ترجیحات ہیں ،اسسٹنٹ کمشنر

جمعہ 29 مارچ 2024 12:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) اسسٹنٹ کمشنر پسرورقمر محمود منج نے کہا ہے کہ عید پر امن و امان کو برقرار رکھنا اور شہریوں کا تحفظ اولین ترجیحات ہیں ، سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے کر تحصیل پسرور میں سکیورٹی پلان پر باضابطہ طور پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، پولیس کے جوانوں پر مشتمل دستوں نے مین روڈ سمیت اہم پبلک مقامات پر ابھی سے گشت کا آغاز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عید الفطر سے قبل اور عید کے دنوں میں شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی جبکہ عید الفطر کی خریداری کے حوالے سے شاپنگ پلازوں، مالز، مارکیٹوں اور بازاروں میں بھی سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کے تحت پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں تا کہ خریداری کے لیے آنے والے شہریوں اور تاجر برادری کو بھر پور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مرکزی انجمن تاجران کے مرکزی صدر انجمن تاجران شیخ طاہر دانش اور صدر انجمن تاجران پرانا بازار شیخ ثناء اللہ بھی موجود تھی۔