محکمہ زراعت توسیع، کپاس اگاؤ مہم کےحوالے سے زرعی سیمینار

جمعہ 29 مارچ 2024 14:20

نمائندہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) محکمہ زراعت توسیع کبیر والا کی جانب سےکپاس اگاؤ مہم کےحوالے سے زرعی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت خانیوال رانا حبیب الرحمن نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت کبیر والا ڈاکٹر منظور احمد گل نے اگیتی کپاس کی کاشت کے بارے میں کاشت کاروں کی رہنمائی کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کی اگیتی کاشت، فصل پر آنے والے چیلنجز کا مقابلہ نسبتاً بہتر طور پر کرتی ہے، اس پر رس چوسنے والے کیڑوں کی وجہ سے نسبتاً کم نقصان ہوتا ہے اور درجہ حرارت میں اضافے کے اثرات نسبتاً کم ہوتے ہیں۔

رانا حبیب الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کی اگیتی کاشت کو نشوونمااور دیگر مراحل کے لئے زیادہ وقت ملتا ہے اور ا س طرح پیداوار اور کوالٹی بہتر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکار کپاس کی اگیتی کاشت کے لئے ٹرپل جین اقسام سی کے سی-1، سی کے سی-3، سی کے سی-5، سی کے سی-6، حتف-3، غوری-2 اور آئی سی ایس- 386 کا انتخاب کریں کیونکہ یہ اقسام سنڈیوں خصوصاً گلابی سنڈی اور وائرس کے خلاف قوتِ مدافعت رکھتی ہیں، بوائی سے پہلے بیج کوسفارش کردہ کیڑ ے ما ر زہر لگا نابہت ضرو ری ہے اور اگیتی کاشت میں یہ اور بھی زیادہ ضروری ہے۔

اس سے فصل ابتدا میں تقریباً ایک ماہ تک رس چوسنے والے کیڑوں خاص طور پر سفید مکھی سے محفوظ رہتی ہے جو کہ پتہ مروڑ وائرس کی بیماری کے پھیلاؤ کا سبب بنتی ہے، بیج کو زہر آلود کرنے سے فصل کی بڑھوتری بہتر ہوتی ہے اور بیماری سے کم متاثر ہوتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کاشت کار آئی پی ایم ٹیکنالوجی پر عملدرآمد کریں اس سے نہ صرف کپاس کی بہتر پیداوار حاصل ہوگی بلکہ اخراجات میں بھی واضح کمی آۓ گی۔ کاشت کاروں کی کثیر تعداد نے پروگرام میں شرکت کی اور محکمہ زراعت کی کاوشوں کو سراہا۔