ٹیل تک پانی کی رسائی اس حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے : کاظم پیرزادہ

جمعہ 29 مارچ 2024 19:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2024ء) وزیر آبپاشی کاظم پیرزادہ نے آبپاشی سیکرٹریٹ میں چیف انجینئر اجلاس کی صدارت کی۔ سیکرٹری آبپاشی ڈاکٹر واصف خورشید بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ تمام زونل چیف انجینئرز اور سپرنٹنڈنگ انجینئر اجلاس میں شریک ہوئے۔وزیر آبپاشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیل تک پانی کی رسائی اس حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تمام چیف انجینئر صاحبان اپنی ٹیموں کے ساتھ فیلڈ میں نکلیں اورآب پاش کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کی ماضی کی طرح بے عملی کا رویہ بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیر آبپاشی نے مزید کہا کہ تمام چیف انجینئرز 15 اپریل تک آبپاش کسانوں کی شکایات کے ازالے کے لئے خصوصی اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

علازہ ازیں وزیر آبپاشی نے کہا آئندہ فصل کے ہمیں اب سے منصوبہ بندی کرنا ہوگی تاکہ ٹیل تک پانی کی رسائی کو یقینی بنایا جائے اور تمام کسانوں کو منصفانہ طریقے سے ان کے حصے کا پورا پانی ملے۔

وزیر آبپاشی نے کہا کہ پانی چوری کے خاتمی کے لیے ضروری ہے کہ تمام لوگوں کو ان کے اصلی سائز پر بحال کیا جائے اور پانی چوروں کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی کی جائے۔ وزیر آبپاشی نے کہا کہ آبیانہ اور تاوان کی وصولی کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ محصولات میں بھی اضافہ ہو۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری آبپاشی نے کہا کہ اگلے دس دنوں میں بھل صفائی کا فیز 3 مکمل کرلیا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سیکرٹری آبپاشی ڈاکٹر واصف خورشید نے کہا کہ تمام زونوں کی بھل صفائی اور پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے کارکردگی پر خصوصی نظر رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہ اہداف حاصل کرنے لے لیے ہمیں شدید محنت سے کام کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :