Live Updates

ا*میونسپل کمپنی کے تمام منصوبے 2025 تک مکمل ہو جائیں گے، وزیر بلدیات

ڑ*منتخب دیہات میں روایتی چھپڑوں کی آلودگی جدید طریقے سے ختم کی جا رہی ہے -وزیراعلیٰ مریم نواز چاہتی ہیں مرحلہ وار تمام نالیوں کی مرمت اور صفائی ہو، ذیشان رفیق

جمعہ 29 مارچ 2024 22:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2024ء) وزیر بلدیات و شہری ترقی پنجاب ذیشان رفیق نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ورلڈ بنک کے تعاون سے پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (پی ایم ڈی ایف سی) کے تمام جاری منصوبے مارچ 2025 تک مکمل ہو جائیں گے۔ پی ایم ڈی ایف سی 16 شہروں ڈسکہ، حافظ آباد، جہلم، کامونکی، مریدکے، وزیر آباد، گوجرہ، جڑانوالہ، جھنگ، کمالیہ، اوکاڑہ، بہاولپور، بورے والا، خانیوال، کوٹ ادو اور وہاڑی میں میونسپل خدمات کے منصوبے شفاف انداز میں مکمل کر رہی ہے جس سے وہاں لوگوں کے معیار زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

وہ پی ایم ڈی ایف سی آفس کے دورے میں مینجنگ ڈائریکٹر سید زاہد عزیز کی طرف سے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر بلدیات نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پی ایم ڈی ایف سی پنجاب حکومت کی سب سے پرانی کمپنی ہے جو پچیس سال سے مختلف علاقوں میں میونسپل خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ایک پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر منتخب دیہات میں روایتی چھپڑوں کی آلودگی جدید طریقے سے ختم کی جا رہی ہے۔

آلودہ چھپڑوں کی مرحلہ وار صفائی سے نہ صرف آبی حیات کو فروغ مل رہا ہے بلکہ مقامی زرعی مقاصد کے لئے پانی بھی دستیاب ہے۔ وزیر بلدیات نے اس بات پر زور دیا کہ میونسپل کمیٹیوں کی استعدادکار بڑھانے کے لئے اقدامات وقت کی ضرورت ہے کیونکہ ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل میں بعض میونسپل کمیٹیز کی کم استعداد کار رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ سے زیادہ سیوریج کا مسئلہ زیادہ توجہ کا طالب ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف چاہتی ہیں کہ مرحلہ وار تمام نالیوں کی مرمت اور صفائی ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیوریج کے منصوبے اگلے پچاس سال کی ضروریات مدنظر رکھتے ہوئے تیار کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جھنگ شہر میں سیوریج کے سنگین مسائل کے پیش نظر وہاں ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ ذیشان رفیق نے پی ایم ڈی ایف سی کو ڈسکہ کے سیوریج مسائل کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ بالخصوص چھوٹے شہروں کے سیوریج اور سینی ٹیشن کے مسائل انتہائی تکلیف دہ ہیں جس پر فوری توجہ دینا ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی دلچسپی کے باعث پنجاب حکومت نے اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 500 ملین روپے دینے کا عندیہ دیا ہے۔ بڑے پیمانے پر فارن فنڈنگ کے لئے بھی وزیراعلیٰ سے بات کروں گا۔ صوبائی وزیر نے پی ایم ڈی ایف سی کے تحت ڈسپوزل سٹیشنز، پارکوں کی سولرائزیشن کی سکیموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سالڈ ویسٹ کی سیگریگیشن کے منصوبوں پر ہمارا زیادہ فوکس ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات