تحریک منہاج القران کے زیر اہتمام آج سے ٹائون شپ لاہور اور جامع مسجد رحمانیہ طارق روڈ پرہزاروں افراد اجتماعی اعتکاف بیٹھیں گے

کراچی میں اجتماعی اعتکاف کے لیے سربراہ اعتکاف مفتی اعجاز قادری اور شہزاد میرٹھی کی قیادت میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں ،مسعود عثمانی

ہفتہ 30 مارچ 2024 21:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2024ء) تحریک منہاج القران کے زیر اہتمام آج(اتوار)31مارچ سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سرپرستی میں منہاج القران کے مرکز ٹائون شپ لاہور اور جامع مسجد رحمانیہ طارق روڈ پر ہزاروں افراد اجتماعی اعتکاف بیٹھیں گے۔متکفین سے شیخ الاسلام روزانہ ویڈیو لنک کے ذریعے خدا کو کیوں مانیں، اور 'مذہب کو کیوں اپنائیں، کے موضوع پر روزانہ خطاب کریں گی. ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القران کراچی کے صدر مسعود عثمانی ناظم عتیق چشتی ,زاہد لطیف اور را اشتیاق کے ہمراہ کراچی کے مرکز جامع مسجد رحمانیہ ایجوکیشنل کمپلیکس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اجتماعی اعتکاف کا بنیادی مقصد مادیت پرستی کے دور میں اللہ کی بندگی اور رسول اکرم کی ذات کے ساتھ تعلق کو مضبوط بنانے کے لیے فتنہ دہریت پر مبنی ابھرتے سوالات کے تسلی بخش جوابات دینا ضروری ہے تاکہ نوجوان نسل کہ ایمان کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جا سکیں، انہوں نے بتایا کہ کراچی میں اجتماعی اعتکاف کے لیے سربراہ اعتکاف مفتی اعجاز قادری اور شہزاد میرٹھی کی قیادت میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں جو معتکفین کی اخلاقی و روحانی تربیت ،طعامو قیام سمیت تمام انتظامات کو سرانجام دینے کے لیے تحریک کے طلبہ ونگ ایم ایس ایم اور یوتھ کے نوجوان کی معاونت سے خدمت کے فرائض سر انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

جامع مسجد رحمانیہ کراچی میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کے لیے بھی علیحدہ اعتکاف کے انتظامات کیے گئے ہیں۔دریں اثنا محمد کرامت کی سربراہی میں عالمی اعتکاف لاہور میں شرکت کے لیے کینٹ اسٹیشن سے مرد و خواتین کا ایک بڑا قافلہ روانہ ہوا۔