سیکرٹری داخلہ نورالامین مینگل کا یوم شہادت حضرت علی ؓ کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ضلعی کنٹرول روم کا دورہ

پیر 1 اپریل 2024 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2024ء) یوم شہادت حضرت علی ؓ کے انتظامات کے حوالے سے سیکرٹری داخلہ نورالامین مینگل نے ضلعی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ ترجمان کے مطابق سیکرٹری داخلہ نے ڈی سی کنٹرول روم سے جلوس کا جائزہ لیا۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے یوم شہادت حضرت علی رضی اللہ عنہ کے سیکیورٹی انتظامات پر سیکرٹری داخلہ کو بریفنگ دی-سی ٹی او عمارہ اطہر، ایس پی سیکیورٹی اور دیگر افسران نے بھی سیکرٹری ہوم کو بریفنگ دی۔

سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل نے کہا کہ ڈی سی آفس میں قائم مرکزی کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ روم میں تمام محکمے موجود ہیں۔جلوس و مجالس کی 180 سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ جاری ہے۔جلوس روٹس پر اضافی لائٹنگ کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ہوم سیکرٹری نورالامین مینگل نے مزید کہا کہ یوم شہادت حضرت علیؓ کے مجالس و جلوسوں کو خصوصی سیکورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور سیکورٹی ادارے پوری طرح سے الرٹ ہیں۔ ریسکیو 1122،ایل ڈبلیو ایم سی، ایم سی ایل، واسا کا عملہ فیلڈ میں موجود ہے۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے بتایا کہ 50 واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈکٹیٹرز سے عزاداروں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ سول ڈیفنس کے اہلکار پولیس اہلکاروں کے ساتھ ملکر سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ڈی سی لاہور نے مزید کہا جلوسوں کے کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہونے تک سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔