پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو مکمل فعال اور مڈل مین کا کردار ختم کرکے قیمتوں میں مزید کمی لائیں گے‘شافع حسین

منگل 2 اپریل 2024 17:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاہے کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار رمضان نگہبان پیکیج کے تحت 50لاکھ سے زائدمستحق گھرانوں کو راشن ان کی دہلیز پرپہنچایا گیاہے، رمضان وماڈل بازاروں میں معیاری اشیا سستے داموں مل رہی ہیں جبکہ زرعی فیئرپرائس شاپس پر 13اشیا ضروریہ 25فیصد کم نرخوں پر مل رہی ہیں اور رمضان و ماڈل بازاروں سے روزانہ ہزاروں لوگ مستفید ہورہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پوٹری مینوفیکچررزایسوسی ایشن،کبڈی فیڈریشن اور دیگر وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ جنہوں نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ملاقات میں انڈسٹری کے مسائل، ماہ مقدس میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کے اقدامات اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

وفودنے چوہدری شافع حسین کو وزارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباددی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ اشیا ضروریہ کی سپلائی کو بہتر کرکے قیمتوں میں کمی لائی گئی ہے جبکہ پیاز کی برآمد پر پابندی سے قیمت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو مکمل فعال اور مڈل مین کا کردار ختم کرکے قیمتوں میں مزید کمی لائیں گے۔انہوں نے کہاکہ مختلف ایسوسی ایشنز سے بات چیت کرکے عوام کو گھی، چکن، چینی اور دیگر اشیا میں ریلیف دیا گیاہے۔صوبائی وزیر صنعت نے کہاکہ انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ صنعت کا پہیہ رواں دواں رکھنے کے لئے ہر ضروری اقدام کریں گے۔

متعلقہ عنوان :