عید الفطر کے موقع پر تمام بسوں ،ویگنوں کو مقررہ کرائے وصول کرنے کا پابند بنایا جائے گا،ڈپٹی کمشنر گجرات

جمعرات 4 اپریل 2024 19:50

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے کہا ہے کہ عید الفطر پر پبلک ٹرانسپورٹ میں ضلع انتظامیہ کی طرف سے مقررہ کرایوں پر عملدرآمد کروایا جائے گا، تمام بسوں و ویگنوں کو مقررہ کرائے وصول کرنے کا پابند بنایا جائے گا ،بس و ویگن اڈے پر کرایہ نامہ نمایاں جگہوں پر آویزاں کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹرانسپورٹ کے مالکان اور اڈہ منیجر کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری ڈی آر ٹی اے صدام حسین بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ مسافروں کو بس سٹینڈز پر بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، مسافرخانے واش رومز کی صفائی یقینی بنائی جائے، مسافروں کے بیٹھنے کا مناسب انتظام کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ،ٹریفک پولیس ٹیمیں عید ایام میں فیلڈ میں رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ ضلع گجرات کے اڈوں پر روٹس کے کرائے نامے واضح نصب کئے جائیں گے ۔