فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شجرکاری مہم شروع، 5 لاکھ پودے لگائے جائیں گے

جمعہ 5 اپریل 2024 13:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2024ء) فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے ، مہم کے تحت 5 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، اس اقدام کا بنیادی مقصد ماحولیاتی آگاہی کو فروغ دینا اور ہوائی اڈے کے احاطے کی مجموعی خوبصورتی کو بڑھانا ہے۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایئرپورٹ منیجر تسنیم اختر شیخ نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد عبداللہ نیئر شیخ اور کلکٹر کسٹمز محمد سعید وٹو کا تقریب میں خیر مقدم کیا۔

خطاب کے دوران انہوں نے سموگ سے نمٹنے کے لئے فیصل آباد میں حکومت کے جاری ماحولیاتی اقدامات پر زور دیا اور موسم بہار کے دوران 0.5 ملین پودے لگانے کا اعلان کیا۔ سعید وٹو نے اپنی تقریر میں ماحولیاتی بیداری کی اہمیت کو اجاگر کیا اور شہریوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ذمہ داری لیں اور انفرادی اوراجتماعی دونوں سطحوں پر اس طرح کی کوششوں کو جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

ایئر پورٹ منیجر نے تمام شرکا اور آرگنائزنگ ٹیم کا شکریہ ادا کیا جبکہ مستقبل کے ماحولیاتی اقدامات کے منصوبوں کا خاکہ بھی پیش کیا اور مسلسل تعاون کی درخواست کی۔ تقریب میں اینٹی نارکوٹکس فورس، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی، ایئرپورٹ سکیورٹی فورس، پولیس، آئی ایس آئی، سپیشل برانچ اور انٹیلی جنس بیورو سمیت مختلف سرکاری اداروں کے معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ ایئر لائنز اور گرائونڈ ہینڈلنگ ایجنسیوں کے سٹیشن ہیڈز کے ساتھ ساتھ ایف آئی اے پی سیکشنل ہیڈز بھی موجود تھے۔