جسٹس محسن اخترکیانی کیخلاف مِس کنڈکٹ کا ریفرنس عدلیہ مخالف منظم منصوبے کا شاخسانہ ہے

ایک مخصوص جج کیخلاف دائر شکایت ججز کو خوفزدہ کرنے کی حکومتی کوشش ہے، چیف جسٹس اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو ہراساں کرنے کے واقعات کا نوٹس لیں۔ ترجمان پی ٹی آئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 8 اپریل 2024 18:24

جسٹس محسن اخترکیانی کیخلاف مِس کنڈکٹ کا ریفرنس عدلیہ مخالف منظم منصوبے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف نے جسٹس محسن اختر کیانی کے خلاف دائر شکایت کو ججز کو خوفزدہ کرنے کی حکومتی کوشش قرار دے دیا۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک مخصوص جج کیخلاف مِس کنڈکٹ کا ریفرنس عدلیہ مخالف منظم منصوبے کا شاخسانہ ہے، چیف جسٹس اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو ہراساں کرنے کے واقعات کا نوٹس لیں۔

تفصیلات کے مطابق ایکس پر جاری اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس محسن اختر کیانی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر کردہ شکایت کے معاملے پر ترجمان پی ٹی آئی نے پاکستان تحریک انصاف نے جسٹس محسن اختر کیانی کے خلاف دائر شکایت کو ججز کو خوفزدہ کرنے کی حکومتی کوشش قرار دے دیا۔ عدالتی امور میں خفیہ اداروں کی مداخلت کا انکشاف کرنے والے معزز جج صاحبان کو دھمکی آمیز خطوط کی ترسیل کے بعد ایک مخصوص جج کے خلاف مِس کنڈکٹ کا ریفرنس عدلیہ مخالف منظم منصوبے کا شاخسانہ ہے، جسٹس محسن اختر کیانی کے خلاف لغو اور مضحکہ خیز الزامات پر مبنی ریفرنس کے ذریعے ججز کو سپریم جیوڈیشل کونسل کو بھجوائے گئے خط سے دستبردار ہونے کا پیغام دیا گیا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک مخصوص جج کے خلاف مقامی وکیل کے ہاتھوں شکایت درج کروانے کے پیچھے وہی کردار ہیں جن کی عدلیہ پر حملہ آور ہونے کی سیاسی تاریخ سے قوم بخوبی واقف ہے۔

(جاری ہے)

مرضی کے خلاف فیصلے دینے والے ججز کواپنے گھٹیا پروپیگینڈے کا نشانہ بنانا سپریم کورٹ پر مسلح یلغار کرنے والے مافیا کا پرانا وطیرہ رہا ہے، تاریخ گواہ ہے کہ مجرموں کے اس ٹبر کے نشانے پر ہمیشہ وہ ججز رہے ہیں جنہوں نے آئین و قانون کو مقدم رکھتے ہوئے عدل و انصاف کے مطابق فیصلے لکھنے کی روایت کو زندہ رکھا ہے، ججز پر دباؤ اور عدلیہ میں مداخلت کے معاملے کی تحقیقات پر اثر انداز ہونے کیلئے ججز کو ہراساں کرنے کی ایک نئی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، بےمثال جرات اور دانش مندی کا مظاہرہ کرنے والے ججز کو دباؤ میں لانے کیلئے اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، چیف جسٹس اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو براہِ راست اور بِالْواسطَہ ہراساں کرنے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئےاس منظم مہم کے ذمہ داران کا تعین کریں، پاکستانی قوم اور تحریک انصاف عدلیہ کی خود مختاری اور آئین و قانون کی بالادستی کیلئے دستور و قانون پر ثابت قدم رہنے والے ججز کے شانہ بشانہ  کھڑی ہے۔