لاہور پولیس نے گرجا گھروں و تفریحی مقامات کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے،بلال صدیق کمیانہ

اتوار 14 اپریل 2024 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) لاہور پولیس کی جانب سے اتوارکے روزشہر کے گرجا گھروں، پارکوں اور تفریحی مقامات کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے، لاہور پولیس ٹیموں نے ہائی الرٹ ہو کرشہر کی سکیورٹی کے فرائض انجام دیئے۔ یہ بات کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے اپنے جاری ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس نے اتوار کے روز گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات، پارکوں اور تفریحی مقامات کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی۔

سی سی پی او نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت کی مسیحی عبادت گاہوں، پارکوں واہم مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رہے، سپروائزری افسران گرجا گھروں اور تفریحی مقامات کے سکیورٹی انتظامات کی خود مانیٹرنگ کرتے رہے۔

(جاری ہے)

بلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کئے گئے تھے جبکہ ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں و پارکوں کے گرد موثر پٹرولنگ کرتی رہیں۔

علاوہ ازیں ٹریفک پولیس لاہورکی جانب سے گرجا گھروں اور تفریح گاہوں کے اطراف ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا گیا۔بلال صدیق کمیانہ نے مزید کہا کہ لاہو پولیس کی جانب سے شہر کی داخلی و خارجی چیک پوسٹوں پر آنے جانے والے افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی جبکہ سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران اور جوان الرٹ رہ کر ڈیوٹی انجام دیتے رہے۔