کاشتکاروں کو کریلے کی فصل سے جڑی بوٹیاں فوری تلف کرنے کی ہدایت

پیر 15 اپریل 2024 13:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) کاشتکاروں کو کریلے کی فصل سے جڑی بوٹیاں فوری تلف کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے کہا کہ کاشتکار فصل کا اگاؤ مکمل ہونے کے بعد موجودہ ناغوں کو پر کرنے کیلئے پانی میں بھگوئے ہوئے بیج کے 2سے 3دانے لگائیں اور 2سے 3روز کے وقفے تک پانی ڈالتے رہیں تاکہ یہ بیج جلد از جلد اگ آئیں۔

کاشتکاروں کو چاہیے کہ کریلے کی فصل کے کھیتوں سے خود رو پودوں اور جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے 4سے 5مرتبہ مناسب وتر میں گوڈی کریں تاکہ فصل کو نقصان پہنچنے سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کا فیلڈ سٹاف کاشتکاروں کی مشاورت و معاونت کےلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے لہٰذا کسی بھی مسئلہ کی صورت میں ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مکئی کے کاشتکاروں کو فصل کی بہتر نشو ونما اور اچھی پیداوار کےلئے کھادوں کے مناسب استعمال کی بھی ہدایت کی اورکہا کہ کھادوں کا بروقت استعمال انتہائی مفید نتائج کاحامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار مکئی کی سنتھیٹک اقسام کو کھاد کی مطلوبہ مقدار ڈال دیں جبکہ آبپاش علاقوں میں درمیانی زرخیز زمین کےلئے 2 بوری ڈی اے پی، ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ یا 5بوری سنگل فاسفیٹ 18 فیصد اور ڈیڑھ بوری پوٹاشیم سلفیٹ و پون بوری یوریا بھی ڈالی جاسکتی ہے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاکہ کاشتکار بارانی علاقوں میں کھاد کی مکمل مقدار بھی ڈال دیں۔ انہوں نے کہاکہ مکئی کی فصل کو علاقے کے موسمی حالات کے پیش نظر پانی کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری رکھناچاہیے تاہم کھیت میں فالتو پانی کھڑا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ موسم میں نمی کے باعث کونپل کی مکھی بھی فصل پر حملہ آور ہو سکتی ہے لہٰذا کاشتکار فصل کا بغور معائنہ جاری رکھیں اور اگر کسی جگہ پر کونپل کی مکھی کا حملہ نظر آئے تو فوری طور پر محکمہ زراعت توسیع کے عملہ کی مشاورت سے مناسب زہروں کا سپرے بھی کریں تاکہ فصل کو بڑے نقصان سے بچایاجاسکے۔