ایف ڈی اے سٹی میں بجلی کی سہولت میں توسیع کے حوالے سے بجلی کے 12 فیڈرز فنکشنل ہوگئے ، چیف انجینئر

پیر 15 اپریل 2024 19:01

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) ایف ڈی اے انجینئرنگ برانچ کی زیر نگرانی ایف ڈی اے سٹی میں بجلی کی سہولت میں توسیع کے حوالے سے فیز iمیں 18 میں سے 12 بجلی کے فیڈرز فنکشنل ہوگئے ہیں جبکہ فیڈر نمبر8 حال ہی میں مکمل کرکے فیسکو کے حوالے کردیا گیاہے جس سے ایف ڈی اے سٹی کے مین بلیووارڈ اور موٹروے کے مابین بائیں جانب بجلی کی فراہمی کا کام مکمل ہوگیا ہے جس سے بلاک A7,A6,A5,B3اور B2میں بجلی کی سہولت دستیاب ہوگئی ہے۔

فیسکو کی جانب سے دو ہفتوں میں محکمانہ کارروائی مکمل کرلی جائیگی جس کے بعد الاٹیز بجلی کے کنکشنز حاصل کرسکیں گے۔ یہ بات چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب گجر نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک بریفنگ کے دوران بتائی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ سانول ملک ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیف انجینئر نے بتایا کہ انجینئرنگ برانچ کے آئندہ اہداف میں فیڈر نمبر3 اور 4 کی تکمیل شامل ہے جس کیلئے فروری 2024ء میں کام ایوارڈ کیاگیاہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ فیڈر ز چھ ماہ کی مدت میں مکمل کرلئے جائینگے جس سے بلاک D1,D2اور E2,E3میں بجلی کی فراہمی شروع ہوجائیگی۔ چیف انجینئر نے کہاکہ ایف ڈی اے سٹی کے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پرمکمل کیاجارہاہے تاکہ الاٹیز کو تمام تر بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔

متعلقہ عنوان :