سن رائزرز حیدرآبادنے انڈین پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجرزبنگلورو کو 25 رنز سے ہرادیا

منگل 16 اپریل 2024 10:00

بنگلورو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) ٹرائوس ہیڈ کی دھواں دار سنچری کی بدولت سن رائزرز حیدرآباد نےانڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 30 ویں میچ میں رائل چیلنجرز بنگلوروکو 25رنز سے شکست دے دی،یہ سن رائزرز حیدرآباد کی لیگ میں چوتھی فتح ہے۔ ایم چناسوامی سٹیڈیم بنگلورو میں کھیلے گئے لیگ کے 30 ویں میچ میں سن رائزرز حیدرآبادنے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے، اوپننگ بلے باز ٹراوس ہیڈ نے ابھیشک شرما کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ پر جاندار 108 قیمتی رنز کا آغاز فراہم کیا ،ٹرائوس ہیڈ نے 41 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 8 فلک شگاف چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد نے 102 رنز کی انفرادی دلکش اننگز کھیلی اور وکٹ کیپر ہینرک کلاسن 67 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

(جاری ہے)

رائل چیلنجرز بنگلورو کی طرف سے لوکی فرگوسن نے دوکھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں رائل چیلنجرز بنگلورو کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بناسکی،دنیش کارتھک 83 اور فاف ڈو پلیسی 62 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے تاہم وہ ٹیم کو فتح نہ دلاسکے، ویرات کوہلی 42 رنز بناسکے۔ سن رائزرز حیدر آباد کے کپتان پیٹ کمنز نے تین جبکہ میانک مارکنڈے نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، یوں سن رائزرز حیدرآباد نے رائل چینلجرز بنگلورو کو میچ میں 25 رنز سے شکست دے کر آئی پی ایل میں چوتھی فتح حاصل کرلی۔ٹرائوس ہیڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔\932

متعلقہ عنوان :