آئی پی ایل کے ایک میچ میں 549 رنز بن گئے

سن رائزرز حیدرآباد نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے، جواب میں رائل چیلنجر بنگلور نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 16 اپریل 2024 11:54

آئی پی ایل کے ایک میچ میں 549 رنز بن گئے
بنگلورو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 اپریل 2024ء ) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) بولرز کے لیے ڈراؤنا خواب بن گئی ، سن رائزرز حیدرآباد اور رائل چیلنجر بنگلور کے میچ میں 549 رنز بن گئے۔ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں یہ ایک میچ کے دوران سب سے زیادہ رنز کا نیا ریکارڈ ہے، اس سے قبل 523 رنز کا ریکارڈ بھی آئی پی ایل کے موجودہ ایڈیشن میں بنا تھا جب 27 مارچ کو ممبئی انڈینز اور سن رائزرز حیدر آباد کے میچ میں 523 رنز بنے تھے۔

پیر کے روز کھیلے جانے والے میچ میں سن رائزرز حیدرآباد نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے، حیدر آباد کا سکور فرنچائز کرکٹ کا سب سے بڑا اور ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کا دوسرا بڑا ٹیم ٹوٹل ہے۔ جواب میں رائل چیلنجر بنگلور نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے، رائل چیلنجرز بنگلور کا اسکور دوسری اننگ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا سکور ہے۔

(جاری ہے)

آئی پی ایل کے موجودہ ایڈیشن میں ٹیمیں چار مرتبہ 250 سے بڑا سکور کرچکی ہیں، کسی ٹونٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے ایک ایڈیشن میں یہ سب سے زیادہ مرتبہ 250 سے زائد ٹوٹل بننے کا نیا ریکارڈ ہے۔

2023ء اور 2022ء میں انگلینڈ کے ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں 250 سے زائد رنز کا سکور تین مرتبہ بنا تھا۔ خیال رہے کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ کے 8 بڑے ٹوٹل میں سے تین ٹوٹل آئی پی ایل کے موجودہ ایڈیشن میں بنے ہیں۔