اے سی سی پریمیئر کپ، قطر نے سعودی عرب کو 15 رنز سے شکست دیدی

منگل 16 اپریل 2024 18:57

اے سی سی پریمیئر کپ،  قطر نے سعودی عرب کو 15 رنز سے شکست دیدی
اومان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) اے سی سی پریمیئر کرکٹ کپ کے میچ میں قطر نے سعودی عرب کو 15 رنز سے شکست دے دی، قطر کے 154 رنز کے ہدف کے جواب میں سعودی عرب کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنا سکی، گیان مناویرا کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ منگل کو الامارات کرکٹ گرائونڈ اومان میں کھیلے گئے میچ میں سعودی عرب نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، قطر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے، کپتان محمد تنویر نے 43 اور شاہزیب جمال نے 38 رنز بنائے، ثقلین ارشد 23 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ دیگر بیٹرز نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے، سعودی عرب کے بائولرز اشتیاق احمد، عثمان خالد اور عثمان نجیب نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

قطر کے 154 رنز کے جواب میں سعودی عرب کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنا پائی، وجہیہ الحسن کی شاندار نصف سنچری بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، وہ 40 بالوں پر 57 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کپتان ہشام شیخ 20 اور زین العابدین 16 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دیگر بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ قطر کی طرف سے گیان مناویرا، مصور شاہ اور ہیمانشو راتھوڑ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس فتح کے بعد قطر کی ٹیم گروپ اے کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔